وزارت خارجہ:برکس رہنماؤں کی صحت سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹس گمراہ کن

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 18-09-2026
وزارت خارجہ:برکس رہنماؤں کی صحت سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹس  گمراہ کن
وزارت خارجہ:برکس رہنماؤں کی صحت سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹس گمراہ کن

 



نئی دہلی۔ وزارت خارجہ نے جمعرات کو نئی دہلی میں منعقدہ برکس سربراہ اجلاس میں شریک عالمی رہنماؤں کی صحت سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی پوسٹس کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے ایسے شرپسندانہ دعوؤں سے خبردار کیا ہے۔ یہ انتباہ چینی صدر شی جن پنگ اور جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا کی صحت سے متعلق غیر مصدقہ دعوؤں کے درمیان سامنے آیا ہے۔

وزارت خارجہ نے ایکس پر جاری پوسٹ میں کہا کہ یہ گمراہ کن ہے۔ وزارت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایسی شرپسندانہ پوسٹس سے خبردار کیا۔

وزارت کا یہ بیان نئی دہلی میں 12 سے 13 ستمبر تک منعقد ہونے والے برکس سربراہ اجلاس میں شریک رہنماؤں کی صحت سے متعلق سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے متعدد دعوؤں کے بعد آیا ہے۔

سوشل میڈیا پر کئی پوسٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ چینی صدر شی جن پنگ برکس سربراہ اجلاس کے دوران بے ہوش ہوگئے تھے اور انہیں فالج کا دورہ پڑا تھا۔ بعد ازاں انہیں علاج کے لیے بیجنگ واپس لے جایا گیا۔

یہ دعوے ان اطلاعات کے بعد زیادہ توجہ کا مرکز بنے کہ شی جن پنگ نے برکس سربراہ اجلاس کے عشائیے میں شرکت نہیں کی تھی۔ تاہم چینی صدر کو فالج ہونے یا ہنگامی علاج کے لیے اسپتال میں داخل کیے جانے کی کوئی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

وزارت خارجہ کا بیان جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے بعد بھی سامنے آیا۔ جنوبی افریقہ کے صدارتی دفتر نے کہا تھا کہ صدر رامافوسا ہندوستان سے واپسی کے بعد عوامی مصروفیات سے دور رہیں گے۔

جنوبی افریقہ کے صدارتی دفتر نے کہا کہ صدر سیرل رامافوسا کی طبیعت ناساز ہونے کے باعث انہیں فی الحال عوامی سرگرمیوں سے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔

73 سالہ رامافوسا پیر کو برکس سربراہ اجلاس سے واپس جنوبی افریقہ پہنچے تھے۔ بیان کے مطابق ڈاکٹروں نے انہیں آرام کرنے اور صحت یاب ہونے کا مشورہ دیا ہے۔

صدارتی دفتر نے کہا کہ جہاں ممکن ہوگا صدر نے متعلقہ وزرا سے اپنی طے شدہ عوامی مصروفیات میں ان کی نمائندگی کرنے کی درخواست کی ہے۔

برکس سربراہ اجلاس میں ہندوستان کی صدارت میں 11 رکنی توسیع شدہ گروپ کے رہنماؤں نے نئی دہلی میں شرکت کی۔ اجلاس کا موضوع ’’لچک۔ اختراع۔ تعاون اور پائیداری کے لیے تعمیر‘‘ تھا۔

ہندوستان میں برکس سربراہ اجلاس ایسے وقت میں منعقد ہوا جب یہ گروپ مسلسل توسیع کے ساتھ اقتصادی تعاون۔ ترقی۔ ٹیکنالوجی اور عالمی حکمرانی سمیت مختلف امور پر توجہ مرکوز کر رہا ہے۔ اجلاس میں تیزی سے متنوع ہوتی رکنیت کے درمیان مختلف معاملات پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی بھی کوشش کی گئی۔