حیدرآباد: بہار کے گورنر لیفٹیننٹ جنرل سید عطا حسنین (ریٹائرڈ) نے کہا ہے کہ مولانا ابوالکلام آزاد کی شخصیت اور تعلیمات آج بھی نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔ ہندوستانی مسلمان مولانا آزاد کے افکار پر عمل کرتے ہوئے ترقی کی نئی منزلیں حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دیں اور سائنس و ٹیکنالوجی کے ساتھ سماجی علوم پر بھی خصوصی توجہ دیں۔
وہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش کے موقع پر منعقدہ یومِ آزاد تقاریب کے مرکزی پروگرام میں یادگاری خطبہ دے رہے تھے۔
لیفٹیننٹ جنرل سید عطا حسنین نے ہندوستانی فوج میں مسلمانوں کی خدمات اور قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فوج ملک کا سب سے بڑا سیکولر ادارہ ہے جہاں مذہب سے بالاتر ہوکر ملک کی خدمت کو ترجیح دی جاتی ہے۔ انہوں نے سری لنکا میں فوجی خدمات کے دوران کا اپنا تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے سپاہیوں کے ساتھ جئے وشنو کا نعرہ لگاتے تھے تاکہ ان کا حوصلہ بلند رہے۔ ان کے بقول سپاہیوں کا جو مذہب ہوتا ہے کمانڈر بھی اسی جذبے کا احترام کرتا ہے۔
انہوں نے ایک غیر مسلم فوجی کمانڈر کی مثال بھی پیش کی جس کے ماتحت تمام سپاہی مسلمان تھے۔ اپنے جوانوں کے مذہبی جذبات کا احترام کرتے ہوئے وہ کمانڈر نماز کا اہتمام کرتا اور روزے بھی رکھتا تھا۔
گورنر بہار نے کہا کہ ہندوستان کی سرحدوں کی حفاظت میں حوالدار عبدالحمید سے لے کر لیفٹیننٹ حنیف الدین تک کئی مسلم بہادروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ تاہم افسوس کی بات ہے کہ آج بہت کم لوگ ان کی قربانیوں اور خدمات سے واقف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بہترین قیادت کے بغیر جنگیں نہیں جیتی جاسکتیں اور قیادت کی بنیادی خوبی ایک دوسرے کا تعاون کرنا ہے۔ طلبہ کو چاہیے کہ وہ تاریخ کا ازسرنو مطالعہ کریں تاکہ موجودہ دور کے چیلنجز کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔
لیفٹیننٹ جنرل سید عطا حسنین نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی ہمہ جہت ترقی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں کے طلبہ میں قومی جذبہ نمایاں ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یونیورسٹی کے فارغین زندگی کے مختلف شعبوں میں کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ہندوستانی فوج میں بھی نمایاں خدمات انجام دیں گے۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ صرف سائنس، ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت تک محدود نہ رہیں بلکہ سماجی علوم پر بھی توجہ دیں کیونکہ یہ علوم انہیں معاشرتی اور عملی زندگی کے مختلف چیلنجز کا سامنا کرنے کے قابل بناتے ہیں۔
اردو یونیورسٹی کے تعلیمی کردار کو اجاگر کیا
تقریب کا آغاز وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن کے استقبالیہ خطاب سے ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی گزشتہ 28 برسوں سے اردو کے ذریعے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند طبقے کو تعلیمی مواقع فراہم کررہی ہے۔ یونیورسٹی کے قیام کا ایک اہم مقصد خواتین کو تعلیم سے آراستہ کرکے انہیں سماج کے مرکزی دھارے میں شامل کرنا بھی ہے۔
انہوں نے گورنر بہار کی یونیورسٹی آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی سرپرستی میں یونیورسٹی بہار کے سیمانچل علاقے میں بھی اپنے تعلیمی نیٹ ورک کو وسعت دے سکے گی۔
مولانا آزاد قومی یکجہتی اور بین مذہبی بھائی چارے کے علمبردار تھے
تقریب میں مہمان اعزازی کی حیثیت سے چانکیہ نیشنل لاء یونیورسٹی پٹنہ کے وائس چانسلر پروفیسر فیضان مصطفی نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا ابوالکلام آزاد قومی یکجہتی اور بین مذہبی بھائی چارے کے عظیم علمبردار تھے۔ مولانا آزاد اور مسلم قیادت نے دو قومی نظریے کو مسترد کردیا تھا کیونکہ ان کا ماننا تھا کہ ہندو اور مسلمان ایک قوم ہیں۔ انہوں نے ملک کی تقسیم کو ایک تاریخی غلطی قرار دیا۔
جامع اور شمولیاتی تعلیمی ماحول پر زور
پروگرام کے اختتام پر رجسٹرار پروفیسر اشتیاق احمد نے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اردو یونیورسٹی شمولیاتی پالیسی کے تحت پسماندہ طبقات اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مسلسل کام کررہی ہے۔ یونیورسٹی کا تعلیمی ماحول متنوع ہندوستان کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے کیمپس کو ماحول دوست رکھنے کے لیے اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کی کوششوں کو بھی سراہا۔
اس موقع پر یومِ آزاد تقریبات کے تحت منعقدہ مختلف پروگراموں پر مبنی ویڈیو رپورٹ اور مولانا ابوالکلام آزاد کی زندگی و خدمات پر دستاویزی فلم پیش کی گئی۔ پروگرام کی نظامت یومِ آزاد تقریبات کے کنوینر پروفیسر محمد عبدالسمیع صدیقی نے کی۔