نئی دہلی: مغربی بنگال کے وزیر اعلیٰ شوبھندو ادھیکاری نے جمعرات کو بتایا کہ کولکاتا پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس نے مشرقی مدناپور ضلع میں ماؤ نواز تنظیم کے ایک اعلیٰ لیڈر کو گرفتار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت ریاست میں ’’لال دہشت‘‘ کی واپسی برداشت نہیں کرے گی۔
وزیر اعلیٰ نے ضلع کے پٹاش پور علاقے کے لالٹ سے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (ماؤ نواز) کی مرکزی کمیٹی کے رکن اور مغربی بنگال ریاستی کمیٹی-1 کے سکریٹری اسیم منڈل عرف آکاش کا کامیابی سے سراغ لگانے اور اسے گرفتار کرنے پر پولیس فورس کی تعریف کی۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا، ’’آکاش گزشتہ 15 برس سے زیادہ عرصے تک بین ریاستی جنگلاتی علاقوں میں قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں سے بچتا رہا۔ درست تکنیکی خفیہ معلومات کی بنیاد پر اس کی گرفتاری ہماری پولیس فورس کی غیر معمولی کارروائی کی صلاحیت کو ظاہر کرتی ہے۔‘
‘ شوبھندو ادھیکاری نے کہا، ’’میں واضح طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ مغربی بنگال حکومت ریاست کی حدود میں ’لال دہشت‘ کے نیٹ ورک کو دوبارہ قائم کرنے یا اسے وسعت دینے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کرے گی۔ کسی بھی انتہا پسند نظریے کو عوام کی سلامتی اور ریاست کی ترقی کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘