سری نگر: جموں و کشمیر کے لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کو جموں و کشمیر اسمبلی کے خزاں اجلاس کو ختم کرنے کا حکم جاری کردیا۔ اسمبلی نے ستمبر میں اپنا خزاں اجلاس منعقد کیا تھا۔ اسمبلی سکریٹری ایم کے پنڈتا کی جانب سے جاری بلیٹن میں کہا گیا ہے، ’’میں، جموں و کشمیر مرکز کے زیر انتظام علاقے کا لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا، جموں و کشمیر تنظیم نو قانون 2019 کی دفعہ 18 کی ذیلی دفعہ (2) کی شق (اے) کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے جموں و کشمیر اسمبلی کا اجلاس ختم کرتا ہوں۔
‘‘ اسمبلی کا خزاں اجلاس 21 ستمبر سے 30 ستمبر تک 10 دن کے لیے منعقد ہوا تھا۔ اس دوران ایوان نے ایک قرارداد منظور کی، جس میں مرکزی حکومت سے جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرنے کی اپیل کی گئی۔ اب اسمبلی کا اگلا اجلاس آئندہ سال جموں میں بجٹ اجلاس کے لیے منعقد کیا جاسکتا ہے۔