مہاراشٹر : تعلیمی اداروں کو اقلیتی سرٹیفکیٹ جاری کرنے پر عائد پابندی ختم، کیا ہے پورا معاملہ؟

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 09-11-2026
مہاراشٹر : تعلیمی اداروں کو اقلیتی سرٹیفکیٹ جاری کرنے پر عائد پابندی ختم، کیا ہے پورا معاملہ؟
مہاراشٹر : تعلیمی اداروں کو اقلیتی سرٹیفکیٹ جاری کرنے پر عائد پابندی ختم، کیا ہے پورا معاملہ؟

 



الفیہ شیخ | ممبئی

مہاراشٹر کے اقلیتی تعلیمی اداروں کے لیے ایک بڑی راحت کی خبر سامنے آئی ہے۔ ریاستی حکومت نے تعلیمی اداروں کو مذہبی اور لسانی اقلیت کا درجہ دینے اور اس سلسلے میں سرٹیفکیٹ جاری کرنے پر عائد پابندی ختم کر دی ہے۔ اس سلسلے میں جمعرات کی شام سرکاری نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ حکومت کے اس فیصلے سے ریاست کے متعدد اقلیتی تعلیمی اداروں کے زیر التوا معاملات حل ہونے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

پابندی کیوں عائد کی گئی تھی؟

رواں سال جنوری کے اواخر میں اس وقت کے نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر برائے اقلیتی ترقی اجیت پوار کی ایک طیارہ حادثے میں موت ہو گئی تھی۔ ان کے انتقال کے فوراً بعد بعض تعلیمی اداروں کو اقلیتی درجہ دینے کی منظوری کے معاملے پر بڑا تنازع کھڑا ہو گیا تھا۔اس تنازع کے بعد تعلیمی اداروں کو اقلیتی درجہ دینے کے سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا عمل مکمل طور پر روک دیا گیا تھا۔ اب تقریباً 9 ماہ کے طویل انتظار کے بعد حکومت نے یہ پابندی ختم کر دی ہے۔

اقلیتی درجہ کیا ہے اور یہ کیسے حاصل کیا جاتا ہے؟

ہندوستانی آئین کے آرٹیکل 30 کے تحت اقلیتی برادریوں کو اپنی پسند کے تعلیمی ادارے قائم کرنے اور ان کا انتظام چلانے کا بنیادی حق حاصل ہے۔ اقلیتی درجہ کا سرٹیفکیٹ اسی آئینی حق کی سرکاری توثیق کرتا ہے۔تاہم یہ درجہ حاصل کرنا آسان نہیں ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ تعلیمی ادارہ چلانے والا ٹرسٹ یا بورڈ متعلقہ اقلیتی برادری سے تعلق رکھتا ہو۔ اس کے علاوہ داخلہ لینے والے طلبہ میں کم از کم 51 فیصد کا تعلق اسی مذہبی یا لسانی اقلیت سے ہونا لازمی ہے۔ مہاراشٹر میں یہ درجہ صرف مذہبی اقلیتوں ہی کو نہیں بلکہ اردو اور سندھی کے علاوہ گجراتی بولنے والی لسانی اقلیتوں کو بھی دیا جاتا ہے۔

سرٹیفکیٹ کے اجرا کے لیے نیا انتظام

ریاستی حکومت نے اقلیتی تعلیمی درجہ دینے کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے محکمہ اقلیتی ترقی میں ایک انتظامی سربراہ کو خصوصی طور پر مقرر کیا ہے۔ جمعرات کو جاری کیے گئے حکم نامے کے مطابق حکومت کو امید ہے کہ اس نئے انتظام سے سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے عمل میں یکسانیت اور شفافیت آئے گی۔

اقلیتی درجہ حاصل کرنے کے فوائد

مذہبی یا لسانی اقلیتی درجہ رکھنے والے تعلیمی اداروں کو انتظامی اور مالی اعتبار سے کئی اہم سہولتیں حاصل ہوتی ہیں۔ ان میں حقِ تعلیم قانون کے تحت 25 فیصد داخلہ کوٹے سے چھوٹ اور لازمی ذات پر مبنی ریزرویشن سے استثنا بھی شامل ہے۔قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ایسے ادارے داخلوں میں اپنی متعلقہ اقلیتی برادری کے طلبہ کو ترجیح دے سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ عملے کی تقرری کے معاملے میں بھی انہیں سرکاری رعایتیں حاصل ہوتی ہیں۔چونکہ یہ ادارے حکومت کے ریزرویشن نظام سے مستثنیٰ ہوتے ہیں اس لیے وہ اپنی ضرورت اور معیار کے مطابق اہل امیدواروں کو براہ راست استاد اور صدر مدرس مقرر کر سکتے ہیں۔ داخلوں کے طریقہ کار عملے کی تقرری اور داخلی انتظامی امور میں بھی انہیں خاصی خودمختاری حاصل ہوتی ہے۔

دھوکہ دہی روکنے کے لیے کمیٹی تشکیل

تاہم ان سہولتوں کا بعض ادارے غلط استعمال بھی کرتے ہیں۔ حقِ تعلیم قانون کی خامیوں سے فائدہ اٹھانے اور من مانی فیس وصول کرنے کے مقصد سے کچھ ادارے دھوکہ دہی کے ذریعے اقلیتی درجہ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔اس طرح کی بدعنوانی پر روک لگانے کے لیے ریاستی حکومت نے اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے محکمے کے ایڈیشنل چیف سکریٹری بی وینوگوپال ریڈی کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ یہ کمیٹی ماضی کے مشتبہ معاملات کی تفصیلی جانچ کرے گی۔ اس کے سامنے یہ اہم ذمہ داری بھی ہوگی کہ مستقبل میں کوئی ادارہ اقلیتی درجہ کا تجارتی مقاصد کے لیے غلط استعمال نہ کر سکے۔

امدادی رقم 2 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے

ان انتظامی اصلاحات کے ساتھ ہی مہاراشٹر میں اقلیتی اسکولوں کو دی جانے والی سرکاری امداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ سالانہ امدادی رقم 2 لاکھ روپے سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔حکومت کے اس اقدام سے حقیقی اور مستحق تعلیمی اداروں کو اقلیتی درجہ حاصل کرنے کی ترغیب ملے گی۔ مجموعی طور پر ریاستی حکومت کے اس فیصلے کو اقلیتی تعلیمی اداروں کے لیے ایک اہم راحت اور نئے امکانات کے دروازے کھولنے والا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔