نئی دہلی: مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے شہروں کو کچرے سے پاک بنانے کی کوششوں کے تحت کچرے سے کمپریسڈ بایو گیس (سی بی جی) تیار کرنے کے منصوبوں میں تیزی لانے کے لیے ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دینے کی ہدایت دی ہے۔
فڑنویس نے منگل کو ممبئی میں منعقدہ ایک اجلاس میں مجوزہ منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ریاست کی سی بی جی پالیسی کے مطابق مناسب مقامات پر بایو گیس پلانٹ قائم کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی تیاری کے دوران پیدا ہونے والے کچرے کی مقدار، زمین کی دستیابی، موزوں ٹیکنالوجی اور گیس پائپ لائن سے فاصلے جیسے عوامل کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس شعبے میں کام کرنے والی کمپنیوں، تیل کمپنیوں اور مقامی بلدیاتی اداروں کو مل کر ان منصوبوں پر عمل درآمد کے طریقۂ کار کو حتمی شکل دینی چاہیے۔ فڑنویس کے مطابق، کچرے سے بایو گیس تیار کرنے کے ان منصوبوں سے میونسپل کارپوریشنوں کو کچرا جمع کرنے پر ہونے والے اخراجات کم کرنے میں مدد ملے گی۔ اس کے ساتھ ہی شہروں کو کچرے سے پاک بنانے کی کوششوں کو بھی تقویت ملے گی۔