سیونی: مدھیہ پردیش کے ضلع سیونی کے چھپارا بلاک میں پیر کی صبح ایک زیورات کے تاجر کے مکان میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی موت ہو گئی۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ صبح تقریباً 4 بجے پیش آیا۔ آگ لگنے کے وقت گھر میں تقریباً 10 افراد موجود تھے۔ دم گھٹنے اور جھلسنے کے باعث 6 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ پولیس اور مقامی لوگوں نے 4 دیگر افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا۔ سیونی کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کرشن لال چندانی نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں کنڈن لال سونی، ان کی اہلیہ راجکماری سونی، اندور سے آئی ہوئی ان کی بیٹی، ایک پوتا اور دو بہوئیں شامل ہیں۔ ان کے دو بیٹوں، ایک پوتے اور ایک پوتی کو بحفاظت بچا لیا گیا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پولیس سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ کنڈن سونی زیورات کے تاجر تھے۔ ان کی دکان عمارت کی نچلی منزل پر تھی، جبکہ اوپری منزل پر ان کا خاندان رہتا تھا۔ آگ لگنے کے وقت خاندان کے 10 افراد گھر میں موجود تھے۔ بدقسمتی سے کچھ لوگوں کی موت دم گھٹنے اور دیگر کی جھلسنے کے باعث ہوئی۔ پولیس اور مقامی لوگوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 4 افراد کو بچا لیا، لیکن اس حادثے میں 6 افراد کی جان نہیں بچائی جا سکی۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے اندازہ ہوتا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہو سکتی ہے، تاہم اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے فارنسک سائنس لیبارٹری (ایف ایس ایل) کی ٹیم کو جائے وقوعہ پر بلایا گیا ہے۔
ان کے مطابق گھر میں ہوا کی آمدورفت کا مناسب انتظام بھی نہیں تھا۔ زیورات کی دکان میں مختلف مقامات پر تالے لگے ہونے کے باعث خاندان کے افراد کے لیے باہر نکلنا مشکل ہو گیا تھا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ نے مزید کہا کہ ضلع کلکٹر کو بھی واقعے کی اطلاع دے دی گئی ہے۔ ایف ایس ایل کی ٹیم موقع پر پہنچ کر تکنیکی جانچ کرے گی، جبکہ محکمہ بجلی کے اہلکار بھی جائے وقوعہ کا معائنہ کریں گے تاکہ آگ لگنے کی اصل وجہ کا پتہ چل سکے۔ ضرورت پڑنے پر مزید تحقیقات بھی کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے مدھیہ پردیش کے ضلع کٹنی میں بھی آگ لگنے کے ایک المناک واقعے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی موت ہو گئی تھی۔
دیوالی کی رات برہی علاقے میں پلاسٹک کے سامان کی ایک تھوک دکان میں آگ لگ گئی تھی۔ آگ تین منزلہ عمارت کی نچلی منزل پر لگی، جس کے باعث اوپری منزلوں پر رہنے والے خاندان کے افراد اندر پھنس گئے تھے۔ ان دونوں واقعات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادو نے مرنے والوں کے اہل خانہ کو 4-4 لاکھ روپے کی مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیوالی کے موقع پر کٹنی ضلع کے برہی اور سیونی ضلع کے چھپارا میں آگ لگنے کے المناک واقعات میں دو خاندانوں کے کئی افراد کی موت کی خبر انتہائی دل خراش ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو 4-4 لاکھ روپے کی امداد دینے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ دے اور غم زدہ خاندانوں کو اس بڑے صدمے کو برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔