نئی دہلی۔ مرکزی حکومت نے جمعرات کو دہلی ہائی کورٹ کو بتایا کہ کاکروچ جنتا پارٹی (کاجپا) کے شریک کنوینر سورَو داس کے خلاف ممبئی پولیس نے لک آؤٹ سرکلر (ایل او سی) جاری کیا ہے، جس کی وجہ سے انہیں ہوائی اڈے پر برطانیہ جانے سے روک دیا گیا۔ یہ اطلاع جسٹس امیت مہاجن کی بنچ کے سامنے دی گئی۔
عدالت نے سورَو داس کی اس عرضی پر مرکز کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کیا ہے، جس میں انہوں نے انہیں بیرون ملک سفر سے روکے جانے کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے۔ عدالت نے معاملے کی اگلی سماعت کے لیے 9 دسمبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔ سماعت کے دوران مرکزی حکومت کے وکیل نے بتایا کہ ممبئی پولیس نے 23 نومبر کو سورَو داس کے خلاف لک آؤٹ سرکلر جاری کیا تھا۔ انہیں اس سلسلے میں وجہ بتاؤ نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے، تاہم انہوں نے ابھی تک اس کا جواب نہیں دیا ہے۔
داس کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل کو نہ تو ایل او سی جاری کیے جانے کی اطلاع دی گئی اور نہ ہی یہ بتایا گیا کہ اسے جاری کرنے کی وجہ اور مقصد کیا ہے۔ عدالت داس کی اس عرضی پر سماعت کر رہی تھی جس میں انہوں نے آکسفورڈ یونیورسٹی میں ایک پروگرام میں شرکت کے لیے برطانیہ جانے سے روکے جانے کو چیلنج کیا ہے۔ اس پروگرام میں انہیں ’’کاکروچ موومنٹ‘‘ کے موضوع پر خطاب کرنا تھا۔ سورَو داس نے الزام لگایا ہے کہ 23 نومبر کی رات لندن جانے والی پرواز میں سوار ہونے سے قبل انہیں دہلی ہوائی اڈے پر امیگریشن کاؤنٹر پر روک دیا گیا تھا۔