لوک سبھا : مانسون اجلاس دو دن پہلے ختم

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
 لوک سبھا : مانسون اجلاس دو دن پہلے ختم
لوک سبھا : مانسون اجلاس دو دن پہلے ختم

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

لوک سبھا کی کارروائی مقررہ وقت سے دو دن پہلے غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دی گئی ہے۔

لوک سبھا کے اسپیکراوم برلا نے ایوان کی کارروائی غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کا باقاعدہ اعلان کیا۔

اس دوران انہوں نے اپوزیشن کی جانب سے تعطل کی وجہ سے ایوان کے کام کاج کے متاثر ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

 پیگاسس جاسوسی کیس، کسانوں کا مسئلہ اور مہنگائی کے سلسلے میں حزب اختلاف اور حکومت کے درمیان پارلیمنٹ کے مانسون سیشن میں جاری تعطل مکمل طور پرختم نہیں ہو سکا اور لوک سبھا کی کارروائی مقررہ تاریخ سے دو دن پہلے غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی۔

ایوان کی کارروائی آج صبح 11:00 بجے جیسے ہی شروع ہوئی اسپیکر اوم برلا نے اراکین کوپچھلے دنوں ایوان کے چار سابق ممبران کی موت کے بارے میں آگاہ کیا۔ ایوان نے ان کے اعزاز میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی۔

اس کے بعد اوم برلا نے ایوان کی کارروائی غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کا باقاعدہ اعلان کیا۔

اس دوران انہوں نے اپوزیشن کی جانب سے تعطل کی وجہ سے ایوان کے کام کاج کے متاثر ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس سیشن میں تعطل کی وجہ سے صرف 17 نشستیں منعقد ہوئیں اور صرف 21 گھنٹے 24 منٹ کام کاج ہو سکا جو کہ کل طے شدہ مدت کا صرف 22 فیصد ہے۔

اسپیکر نے کہا کہ ارکان کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے کام 74 گھنٹے 46 منٹ تک متاثر ہوا۔

انہوں نے اس سیشن میں منظور شدہ او بی سی کی فہرست سے متعلق آئین ترمیمی بل سمیت مختلف بلوں کا بھی حوالہ دیا۔ اس کے بعد سپیکر اوم برلا نے ایوان کی کارروائی ملتوی کردی۔

اس دوران وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور بیشتر مرکزی وزراء بھی ایوان میں موجود تھے۔

وہیں کانگریس صدر سونیا گاندھی بھی اپوزیشن کی گیلری میں موجود تھیں۔