نئی دہلی: مرکزی وزیر جے پی نڈا نے پیر کو کہا کہ ووٹر فہرستوں کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کے معاملے میں الیکشن کمیشن کے ارکان کی جانب سے کانگریس اور اس کے اتحادیوں کے ’’جھوٹ‘‘ کو بے نقاب کیے جانے کے باوجود اپوزیشن جماعتیں ملک کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
نڈا نے یہاں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی سے مایوس اپوزیشن کا ’’انڈیا اتحاد‘‘ اب ’’بھرم اور افراتفری‘‘ پھیلانے کے نئے طریقے تلاش کر رہا ہے۔ مرکزی وزیر نے کہا، ’’ہم سب نے دیکھا کہ چند ہی دن پہلے ایک من گھڑت کہانی کو لے کر پورے ملک میں کس طرح ہنگامہ برپا کیا گیا۔ اب جب الیکشن کمیشن کے ارکان نے ہر جھوٹ کو بے نقاب کر دیا ہے تو وہ (اپوزیشن جماعتیں) ایک بار پھر ماحول خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘
‘ نڈا نے الزام لگایا کہ ملک کے خودمختار اور آئینی اداروں کو بدنام اور کمزور کرنا کانگریس رہنما راہل گاندھی، عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال، سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو اور مغربی بنگال کی سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا واحد ایجنڈا بن گیا ہے۔ بی جے پی رہنما نے کہا، ’’انہیں نہ قومی سلامتی کی فکر ہے، نہ عوامی فلاح کی اور نہ ہی ملک کے وقار اور عزت کی۔ ان کا واحد مقصد اقتدار حاصل کرنا ہے اور وہ بھی عوامی خدمت کے لیے نہیں، بلکہ خاندانی سیاست کو فروغ دینے اور ذاتی فائدہ اٹھانے کے لیے۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’راہل گاندھی جی، غور سے سن لیجیے: کسی جھوٹ کو سو بار دہرانے سے وہ سچ نہیں ہوجاتا۔‘‘
نڈا نے کہا کہ ملک کے عوام اپوزیشن کے دوہرے معیار اور اس کی منفی سیاست کو پوری طرح سمجھ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کرنے والی طاقتوں کو عوام نے پہلے بھی سبق سکھایا ہے اور مستقبل میں بھی ایسا ہی کریں گے۔‘‘