کشمیر: اننت ناگ میں ایل پی جی بوٹلنگ پلانٹ کا افتتاح

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 27-10-2022
 اننت ناگ میں ایل پی جی بوٹلنگ پلانٹ کا افتتاح
اننت ناگ میں ایل پی جی بوٹلنگ پلانٹ کا افتتاح

 

 

 اننت ناگ: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کو اننت ناگ کے ویسو-نیپورہ میں انڈین آئل کارپوریشن لمیٹڈ کے ایل پی جی بوٹلنگ پلانٹ کا افتتاح کیا۔ نئے ایل پی جی بوٹلنگ پلانٹ کے شروع ہونے پر لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ پلانٹ میں یومیہ 3240 سلنڈر فراہم کرنے کی صلاحیت ہے اور یہ موسم سرما کے دوران ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرے گا۔

 لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اجولا یوجنا جیسی سماجی تحریکوں نے خواتین کی زندگیوں میں بڑے پیمانے پر تبدیلی لائی ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کی رہنمائی میں بنیادی سہولیات جیسے ہائوسنگ، بجلی، پانی، بیت الخلا، گیس، سڑکیں، اسپتال اور اسکول کے مسائل کو حل کیا گیا ہے تاکہ معاشرے کے تمام طبقات کو فائدہ پہنچے۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر ایک نئے خود اعتمادی کے ساتھ شاندار مستقبل کی طرف بڑھ رہا ہے۔

 لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں سماجی تحفظ اور فلاحی اسکیموں کی 100 فیصد سیچوریشن نے غریبوں، کسانوں اور سماج کے محروم طبقے کے معیار زندگی کو بہتر بنایا ہے۔اجولا یوجنا مرحلہ1.0 کے تحت، ملک بھر میں کل 8 کروڑ غریب، محروم، پسماندہ، قبائلی خاندانوں کو ایل پی جی کنکشن دیے گئے۔

جب کہ اجولا یوجنا مرحلہ2.0 کا مقصد 1 کروڑ کم آمدنی والے گھرانوں کو ایل پی جی کنکشن فراہم کرنا ہے جو پہلے اس کے تحت نہیں آسکتے تھے۔

 لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں تقریبا ً12.41 لاکھ گھرانوں کو اجولایوجنا اول کے تحت ایل پی جی کنکشن فراہم کیے گئے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ اس کا فائدہ کم آمدنی والے گھرانوں تک پہنچایا جائے۔لیفٹیننٹ گورنر نے عہدیداروں اور اسٹیک ہولڈرز سے مزید کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی اہل فائدہ اٹھانے والا اجولا یوجنا کے تحت محروم نہ رہے۔

لیفٹیننٹ گورنر نے بیک ٹو ولیج-IV پروگرام کے دوران پبلک سروسز گارنٹی ایکٹ کے تحت تمام خدمات کے بارے میں بڑے پیمانے پر بیداری پروگرام کی تفصیلات بھی شیئر کیں۔

جتیندر کمار، ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور ریاستی سربراہ، انڈین آئل کارپوریشن لمیٹڈ(IOCL) نے اپنے استقبالیہ خطاب میں اس دن کوIOCL کے لیے ایک اہم موقع قرار دیا اور لیفٹیننٹ گورنر کی زیر قیادتUT حکومت کے تعاون کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے جموں ڈویژن میں سی این جی انفراسٹرکچر کی تنصیب کے علاوہUT میں پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی دستیابی کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے آئی او سی ایل کے 2046 تک کاربن نیوٹرل بننے کے وژن کا اشتراک کیا۔نیا ایل پی جی بوٹلنگ پلانٹ پانچ ایکڑ اراضی پر قائم کیا گیا ہے جس کی سالانہ گنجائش 12,000 ایم ٹی ہے اور روزانہ 10 ایل پی جی ٹرک بھیجنے کی صلاحیت ہے، یعنی 3240 سلنڈر فی دن، اور 500 سے زیادہ بھرے ہوئے سلنڈروں کو ذخیرہ کر سکتے ہیں۔

 انڈین آئل کے علاوہ بی پی سی ایل اور ایچ پی سی ایل کے ڈسٹری بیوٹرز کو بھی پلانٹ کے ذریعے مسلسل سپلائی کی جائے گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے دیگر معززین کے ساتھ اس موقع پر ایک پودا بھی لگایا۔صارفین میں کمپوزٹ گیس سلنڈر بھی تقسیم کیے گئے۔