نئی دہلی: حزب اختلاف کے ’انڈیا‘ اتحاد کے رہنما ووٹر فہرستوں کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) میں مبینہ بے ضابطگیوں اور ’ووٹ چوری‘ کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے جمعہ کی رات آٹھ بجے صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق، صدر کے دفتر نے جمعہ کی صبح اپوزیشن رہنماؤں کو ملاقات کے لیے رات آٹھ بجے کا وقت دیے جانے کی اطلاع دی۔ صدر سے ملاقات کرنے والے حزب اختلاف کے وفد میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی، ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی، مارکسوادی کمیونسٹ پارٹی (سی پی آئی ایم) کے جنرل سکریٹری ایم اے بے بی اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما تیجسوی یادو شامل ہوں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ اپوزیشن رہنما شام پانچ بجے سنویدھان سدن کے مرکزی ہال میں پہلے ایک میٹنگ کریں گے۔ اس کے بعد وہ ’ووٹ چوری‘ کے خلاف ایک بار پھر احتجاج بھی کر سکتے ہیں۔ اس سے پہلے یہ میٹنگ سہ پہر تین بجے طے تھی، لیکن صدر سے ملاقات کا وقت ملنے کے بعد اس میں تبدیلی کر دی گئی۔
اپوزیشن رہنماؤں نے صدر سے ملاقات کے لیے پہلی درخواست 2 اکتوبر کو بھیجی تھی۔ اس کے بعد راشٹرپتی بھون نے وفد میں شامل ہونے والے رہنماؤں کے نام طلب کیے۔ اس کے مطابق، اتحاد نے 5 اکتوبر کو دوبارہ درخواست بھیج کر رہنماؤں کے نام دیے اور 7، 8 یا 9 اکتوبر کو ملاقات کے لیے وقت مانگا تھا۔
’انڈیا‘ اتحاد نے گزشتہ ہفتے ایس آئی آر کے معاملے پر مشترکہ حکمت عملی کو حتمی شکل دی تھی۔ اس کے تحت مختلف مقامات پر ریلیاں نکالنے اور ’جمہوریت بچاؤ‘ مارچ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ حزب اختلاف کی جماعتیں گزشتہ چار دن سے مختلف طریقوں سے احتجاج کر رہی ہیں۔