وکیلوں کو پرانی گاڑیوں کے استعمال کی چھوٹ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 10-11-2026
وکیلوں کو پرانی گاڑیوں کے استعمال کی چھوٹ
وکیلوں کو پرانی گاڑیوں کے استعمال کی چھوٹ

 



نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ عدالتوں کے کام کاج کو بلارکاوٹ جاری رکھنے کے لیے وکیلوں اور عدالتی عملے کی موجودگی انتہائی اہم ہے، اس لیے انہیں دہلی سے باہر رجسٹرڈ بی ایس-6 سے پہلے کے معیار والی گاڑیاں استعمال نہ کرنے کی ہدایت نہیں دی جا سکتی۔ جسٹس امیت مہاجن نے دہلی سے باہر رجسٹرڈ بی ایس-6 سے پہلے کے معیار والی گاڑیوں پر انتظامیہ کی جانب سے عائد 3 ماہ کی پابندی سے وکیلوں اور عدالتی عملے کو چھوٹ دیتے ہوئے کہا کہ اس مرحلے پر حکام یہ واضح نہیں کر سکے ہیں کہ جو گاڑیاں اکتوبر تک آلودگی میں اضافے کا سبب نہیں بن رہی تھیں، وہ اچانک آلودگی کا بڑا ذریعہ کیسے بن گئیں۔

یہ حکم دہلی ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی اس درخواست پر دیا گیا جس میں ان گاڑیوں کو پابندی سے مستثنیٰ رکھنے کی اپیل کی گئی تھی جنہیں قومی راجدھانی خطے (این سی آر) میں رہنے والے وکیل اور اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے لیے دہلی آنے جانے والے وکیل استعمال کرتے ہیں۔ عدالت نے 6 نومبر کو جاری اپنے حکم میں کہا کہ درخواست گزار کی جانب سے ظاہر کی گئی دشواریوں کو دیکھتے ہوئے کسی بھی دہلی بار ایسوسی ایشن کا جائز پارکنگ اسٹیکر رکھنے والی وکیلوں اور عدالتی عملے کی گاڑیوں کو درست شناختی کارڈ دکھانے پر یکم نومبر 2026 سے 31 جنوری 2027 تک عدالتی کام کے دنوں میں دہلی آنے جانے کی اجازت ہوگی۔

جسٹس مہاجن نے کہا کہ حکومت کے نوٹیفکیشن میں بھی اہم سرکاری اور ضروری خدمات انجام دینے والے افراد کو چھوٹ دینے کی گنجائش موجود ہے۔ ان کے مطابق عدالتی کارروائیوں میں عدالت کی مدد کرنا بادی النظر میں ایک ضروری خدمت ہے، جو بعض اوقات ہنگامی نوعیت کی بھی ہو سکتی ہے۔ جج نے اپنے حکم میں یہ بھی کہا کہ حکام نے ایسا کوئی دعویٰ نہیں کیا ہے کہ وہ وکیلوں اور عدالتی عملے کو عدالت تک آنے جانے کے لیے مناسب ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ عدالت نے اس درخواست پر اگلی سماعت جنوری میں مقرر کی ہے اور مرکزی حکومت کے ساتھ دہلی حکومت کو بھی اپنا جواب داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔

آلودگی سے متعلق خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے دہلی حکومت نے 23 جون کو فیصلہ کیا تھا کہ یکم نومبر سے 31 جنوری تک بی ایس-6 اخراج کے معیار پر پورا نہ اترنے والی دہلی سے باہر رجسٹرڈ تمام موٹر گاڑیوں کے دارالحکومت میں داخلے پر پابندی رہے گی۔ 6 نومبر کو سماعت کے دوران دہلی ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اور سینئر وکیل این ہری ہرن نے دلیل دی تھی کہ بڑی تعداد میں وکیل گروگرام، فریدآباد، نوئیڈا اور غازی آباد جیسے این سی آر کے علاقوں سے عدالتی کاموں کے لیے دہلی کی عدالتوں میں آتے ہیں۔ اس لیے دہلی سے باہر رجسٹرڈ ان کی بی ایس-6 سے پہلے کے معیار والی گاڑیوں کو اس پابندی سے چھوٹ دی جانی چاہیے۔