نئی دہلی: ’یونٹی ارتھ انڈیا‘ کا باضابطہ افتتاح 20 نومبر 2026 کو انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر (آئی آئی سی سی)، نئی دہلی میں ہوا۔ دعا، موسیقی اور مشترکہ عزم سے بھرپور اس تقریب میں روحانی رہنماؤں، سفارت کاروں، سماجی تنظیموں، میڈیا نمائندوں اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا آڈیٹوریم شرکاء سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔
اس پروگرام کی قیادت درگاہ اجمیر شریف کے گدی نشین اور یونٹی ارتھ انڈیا کے صدر حاجی سید سلمان چشتی نے کی۔ ان کے ساتھ سفیر انیل تریگنایت اور یونٹی ارتھ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر بین باؤلر بھی موجود تھے۔ امریکہ سے یونٹی ارتھ کے عالمی اراکین یعنی منیئٹس اور کرٹ جانسن نے آن لائن شرکت کی۔ پروگرام کی نظامت راہل آگسٹن نے کی۔
متعدد مذاہب، ایک دل کی دعا
تقریب کا آغاز بین المذاہب دعائیہ اجتماع سے ہوا۔ امام حفظ الرحمٰن خان نے قرآن پاک کی آیات تلاوت کیں، گوسوامی سشیل جی مہاراج نے ویدک دعا پیش کی، حسین دیدی نے امن کی دعا کی، ڈاکٹر اے کے مرچنٹ نے بہائی دعا پڑھی، سنت رچھپال سنگھ جی نے گربانی سے شبد پیش کیا اور بین باؤلر نے مقدس بائبل سے دعا کی۔
اس طرح پورا آڈیٹوریم مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے لیے ایک مقدس اجتماع گاہ بن گیا۔ اس کے بعد صوفیانہ فنکاروں کے گروپ نے روح پرور قوالی پیش کرکے محفل کو مزید جذباتی اور روحانی رنگ دے دیا۔

اتحاد کی آوازیں
بین باؤلر نے تصاویر اور جوش و جذبے کے ساتھ یونٹی ارتھ کے دس سالہ سفر کو پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ادارہ مختلف براعظموں کی برادریوں اور مذہبی روایات سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرتا رہا ہے۔
سفیر انیل تریگنایت نے یونٹی ارتھ کے ساتھ اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے کہا کہ آج کی دنیا میں ایسے پلیٹ فارم کی اشد ضرورت ہے۔
حاجی سید سلمان چشتی نے کہا کہ یونٹی (اتحاد) اور ارتھ (زمین) دونوں الفاظ ہندوستان کی مقدس تہذیبی روایات سے گہرا تعلق رکھتے ہیں۔ اتحاد ہمیں ’وسودھیو کٹمبکم‘ یعنی پوری دنیا ایک خاندان ہے، کے تصور کی یاد دلاتا ہے۔ یہ حضرت خواجہ غریب نوازؒ کے صوفیانہ پیغام ’’سب سے محبت، کسی سے نفرت نہیں‘‘ کی بھی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زمین ہمیں مادرِ ارضی کے تئیں ہندوستان کے احترام اور اس عقیدت کی یاد دلاتی ہے کہ زمین تمام جانداروں کی یکساں پرورش کرتی ہے۔
ان کے مطابق ان دونوں تصورات کی بنیاد انسانی بھائی چارہ ہے، جس میں اخلاقی اقدار پر مبنی زندگی، ہمدردی، احترام اور تمام مخلوقات کی خدمت شامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یونٹی ارتھ انڈیا کی امن مہم کشمیر سے کنیاکماری تک پہنچے گی اور اس کا دائرہ پورے جنوبی ایشیا اور جنوب مشرقی ایشیا تک پھیلایا جائے گا۔
اس موقع پر کئی ممتاز شخصیات نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
انڈین سرو دھرم سنسد کے قومی کنوینر گوسوامی سشیل جی مہاراج نے کہا، ’’جب ہر مذہب کے ماننے والے ایک ہی چھت کے نیچے مل کر دعا کرتے ہیں تو ہندوستان دنیا کو دکھاتا ہے کہ ہمارے اختلافات بے شمار ہوسکتے ہیں، لیکن انسانیت کا مذہب ایک ہے۔‘‘
عالمی روحانی رہنما موہن جی نے کہا، ’’اتحاد کوئی ایسی چیز نہیں جسے ہم تخلیق کرتے ہیں، بلکہ یہ وہ حقیقت ہے جو ہم پہلے سے ہیں۔‘‘
مصنف اور انویسٹمنٹ بینکر یعقوب میتھیو نے کہا، ’’امن وہ بہترین سرمایہ کاری ہے جو انسانیت کرسکتی ہے۔‘‘
تبدیلی کے علمبرداروں سے بھرا آڈیٹوریم
شیووم سنگھ کی قیادت میں ویوان بالہارا کے ساتھ دہلی یونین کے نوجوان رضاکاروں اور دی ڈائس (The Dais) کے نوجوانوں نے دیویش گپتا اور کیشو گپتا کی رہنمائی میں تقریب میں جوش و خروش پیدا کیا۔
ایتھوپیا کے سفیر موسی ہیلو کا تہنیتی پیغام بھی پڑھ کر سنایا گیا، جبکہ یونائیٹڈ ریلیجنز انیشی ایٹو (URI) کی نمائندگی اس کے ایک نمائندے نے کی۔

تقریب میں میڈیا کی دنیا سے رشی سوری اور آواز۔ دی وائس کے عاطف خان، جی سی ٹی سی کے صدر آدتیہ ٹکو، سفارت کاروں، سینئر افسران، تھنک ٹینکس اور کاروباری شعبے سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ پیس انیشی ایٹو، سیکرڈ ہارمنی، ایچ کے ایل گلوبل والنٹئرز، گلوبل کائنڈنس موومنٹ، اسپک میکے (SPIC MACAY) اور آئی آئی سی سی کے ایگزیکٹیو بورڈ کے اراکین بھی موجود تھے۔
تقریب کا اختتام حاجی سید سلمان چشتی کی خصوصی دعا کے ساتھ ہوا۔ انہوں نے درگاہ اجمیر شریف کی جانب سے عالمی امن، اتحاد اور ہم آہنگی، زمین پر انسانی وقار کے تحفظ اور تمام مخلوقات کی دیکھ بھال کے لیے دعا کی۔
تمام شرکاء یونٹی ارتھ انڈیا کے اتحاد اور بھائی چارے کے پیغام کو ملک کے ہر کونے تک پہنچانے کے مشترکہ عزم کے ساتھ رخصت ہوئے۔