نئی دہلی: دہلی کے نظام الدین ریلوے اسٹیشن کے نیو واشنگ لائن ریلوے یارڈ میں حیدرآباد سے ٹرین کے ذریعے لائے گئے تقریباً 1286.35 کلوگرام گوشت کو ضبط کیا گیا ہے۔ اس گوشت کے بیف (گائے کا گوشت) ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ڈی سی پی ریلوے یونٹ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق، یہ کارروائی اتوار کی صبح تقریباً 9 بجے بڑودہ ہاؤس میں واقع ریلوے ویجیلنس یونٹ سے اطلاع ملنے کے بعد کی گئی۔ اطلاع میں بتایا گیا تھا کہ کارگو کے ذریعے مبینہ طور پر گائے کا گوشت منتقل کیا جا رہا ہے۔
اس کے بعد تحقیقاتی افسر اور اسٹیشن ہاؤس افسر فوری طور پر موقع پر پہنچے۔ پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ نمونے جمع کرنے اور ’ای ساکشیہ‘ کے تحت ضروری دستاویزی کارروائی مکمل کرنے کے لیے فارنسک سائنس لیبارٹری (ایف ایس ایل) کی ایک ٹیم اور ایک ویٹرنری ڈاکٹر کو بھی موقع پر بلایا گیا۔ پولیس کے مطابق، حیدرآباد سے ساؤتھ ایکسپریس کے ذریعے مشتبہ گوشت کے 20 تھرماکول کے ڈبے لائے گئے تھے۔ ان کارگو پیکٹوں کی بکنگ ’مٹن‘ اور ’گوشت‘ کے نام سے کی گئی تھی۔ موقع پر گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) اور ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) کی ٹیمیں تعینات ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ نمونے لینے کے بعد گوشت کو تلف کرنے سے متعلق قانونی کارروائی مکمل کی جائے گی۔
اس معاملے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔ اس سے قبل ہفتے کے روز انڈین ریلوے کیٹرنگ اینڈ ٹورزم کارپوریشن (آئی آر سی ٹی سی) نے ہندوستانی ریلوے نیٹ ورک پر غیر مجاز ای کیٹرنگ ویب سائٹس اور موبائل ایپلی کیشنز کی شناخت کرکے ان کے خلاف کارروائی کے لیے سخت مہم شروع کی تھی۔ مسافروں کی صحت، حفاظت، رازداری اور مالی مفادات کے تحفظ کو اہمیت دیتے ہوئے آئی آر سی ٹی سی نے ان اداروں کے خلاف کارروائی کی ہے جو غیر قانونی طور پر ای کیٹرنگ خدمات چلا رہے تھے یا غیر مجاز کاروبار کے لیے آئی آر سی ٹی سی کے نام اور شناخت کا غلط استعمال کر رہے تھے۔
کارپوریشن نے اپنی کارروائی مزید سخت کرتے ہوئے اب محض انتباہ دینے کے بجائے غیر مجاز طریقے سے کھانا فراہم کرنے اور ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ آئی آر سی ٹی سی نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ٹرین کے سفر کے دوران کھانا صرف اس کی سرکاری ویب سائٹ، ’فوڈ آن ٹریک‘ موبائل ایپ یا آئی آر سی ٹی سی سے منظور شدہ ای کیٹرنگ ایگریگیٹرز اور وینڈرز کے ذریعے ہی بک کریں۔