ترواننت پورم: کیرالہ کے وزیر اعلیٰ وی ڈی ستھیسن نے ہفتہ کے روز اعلان کیا کہ ریاست کے کاسرگوڈ ضلع میں اینڈوسلفان متاثرین کو دی جانے والی ماہانہ مالی امداد 1,700 روپے سے بڑھا کر 2,200 روپے کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی سابقہ حکومت کی جانب سے امدادی رقم میں کمی کرنے کے فیصلے کو واپس لے لیا جائے گا۔
ستھیسن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ امدادی رقم بحال کرنے کے لیے حکومت حکم نامہ جاری کرے گی، جس کے بعد مستحقین کو اگلے ماہ سے 2,200 روپے ملنے شروع ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کو کاسرگوڈ کے دورے کے دوران جب انہوں نے اینڈوسلفان متاثرین سے ملاقات کرکے ان کی پریشانیاں سنیں تو انہیں اس مسئلے پر گہرا دکھ ہوا۔
انہوں نے کہا، ’’جن لوگوں کی پوری زندگی جدوجہد میں گزر رہی ہے، ان کے لیے حکومت کی جانب سے دی جانے والی یہ رقم محض پنشن نہیں بلکہ تھوڑا سا سکون اور ہمدردی کا سہارا ہے۔‘‘ ستھیسن نے تسلیم کیا کہ صرف اس رقم سے متاثرین کی مشکلات دور نہیں ہوسکتیں، لیکن انہیں اس معمولی راحت سے بھی محروم نہیں کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا، ’’ہم ان کے آنسوؤں اور درد کو دیکھ کر خاموش نہیں رہ سکتے۔ ہماری حکومت ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہے گی اور انہیں ہمدردی، اعتماد اور وہ دیکھ بھال فراہم کرے گی جس کے وہ مستحق ہیں۔‘‘ واضح رہے کہ کئی دہائیاں قبل کاسرگوڈ ضلع میں کاجو کے باغات پر زہریلے کیڑے مار دوا اینڈوسلفان کا کئی برسوں تک بار بار فضائی چھڑکاؤ کیا گیا تھا۔
اس کے نتیجے میں ضلع کے ہزاروں افراد کو اعصابی نظام، جسمانی صحت اور نشوونما سے متعلق سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ اس چھڑکاؤ سے ماحولیات کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔ متعدد متاثرین شدید معذوری کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔ یہ متاثرین اور ان کے اہل خانہ طویل عرصے سے انصاف اور معاوضے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔