اڈوکی: کیرالہ کے وزیر اعلیٰ وی ڈی ستیشن نے جمعہ کو خبردار کیا کہ زمین پر کسی بھی طرح کا غیر قانونی قبضہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے نقل مکانی کرکے آباد ہونے والے کسانوں کو یقین دلایا کہ زمین سے متعلق ان کے مسائل حل کرنے میں حکومت ہر ممکن مدد کرے گی۔
ستیشن نے پہاڑی ضلع میں زمین سے متعلق مسائل پر بات چیت کے لیے کلکٹریٹ میں عوامی نمائندوں اور افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کے مسائل حل کرنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا، ’’زمین پر قبضہ کرنے والوں اور وہاں آباد کسانوں کو الگ الگ نظر سے دیکھا جائے گا۔ کسی بھی صورت میں غیر قانونی قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
حکومت زمین پر آباد کسانوں کے مسائل حل کرنے میں ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔‘‘ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پٹہ دینے کے عمل میں تیزی لانے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 5 ہزار پٹے ایسے ہیں جن کی تقسیم میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے اور انہیں جلد ہی تقسیم کیا جائے گا۔ ستیشن نے کہا کہ پٹہ تقسیم میں رکاوٹ بننے والے سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے فیصلوں کے سلسلے میں مناسب حل تلاش کرنے کے لیے وہ ذاتی طور پر مداخلت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی آبادی اور جنگلی جانوروں کے درمیان تصادم روکنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ ستیشن نے بتایا کہ اڈوکی ضلع سے متعلق تقریباً 60 فیصد مسائل پہلے ہی حل کیے جا چکے ہیں اور اب صرف نسبتاً آسانی سے حل کیے جانے والے معاملات ہی زیر التوا ہیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ زیر التوا معاملات کو مقررہ مدت کے اندر حل کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ضلع میں سروے کے عمل میں تیزی لانے کے لیے اضافی عملہ، گاڑیوں اور دیگر ضروری سہولیات کا انتظام کیا جائے گا۔