نئی دہلی: کشمیر کے روایتی باورچیوں نے شادی کی تقریبات میں بارات کے دیر سے پہنچنے کی وجہ سے ہونے والی پریشانی سے تنگ آکر وازوان پیش کرنے کے لیے رات 10 بجے کی وقت کی حد مقرر کر دی ہے۔ کشمیر کے روایتی باورچیوں کو ’واجا‘ کہا جاتا ہے، جبکہ روایتی کشمیری کھانوں کے مجموعے کو ’وازوان‘ کہا جاتا ہے۔
شہر کے راجوری کدل علاقے میں ایک شادی ہال میں منعقدہ اجلاس کے دوران وازوان تیار کرنے اور اسے مہمانوں کو پیش کرنے والے باورچیوں، یعنی ’وازوں‘ نے ان ’غیر انسانی حالات‘ پر تبادلہ خیال کیا جن کا انہیں شادیوں اور دیگر تقریبات میں مہمانوں کو کھانا پیش کرتے وقت سامنا کرنا پڑتا ہے۔
باورچیوں نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ وہ رات 10 بجے کے بعد کھانا پیش نہیں کریں گے۔ کشمیر واجا ایسوسی ایشن کے صدر غلام نبی واجا نے کہا کہ ان کی برادری نے بہت طویل عرصے تک ان حالات کو خاموشی سے برداشت کیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’کھانے تیار کرنے میں کئی گھنٹے لگ جاتے ہیں اور عام طور پر ہمیں رات دیر تک کام کرنا پڑتا ہے۔ اس کے بعد ہمیں دوپہر ایک بجے سے شام 6 بجے تک دوپہر کا کھانا پیش کرنا ہوتا ہے اور پھر رات کا کھانا شروع ہوتا ہے۔‘‘