سری نگر۔جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے پیر کو سری نگر میں ایک میوزیکل پروگرام میں شرکت کی اور فنکاروں کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے اسے کشمیر میں ہونے والی تبدیلی کی علامت قرار دیا۔میوزیکل شام میں بچوں کے ایک گروپ نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ پروگرام میں شرکت کے بعد فاروق عبداللہ نے خوشی کا اظہار کیا اور فنکاروں کی کارکردگی کی تعریف کی۔
پروگرام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہا کہ ہندوستان کے ساتھ ساتھ کشمیر بھی بدل رہا ہے۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر بدل رہا ہے۔ ہندوستان بدل رہا ہے۔ نئی تبدیلیاں سامنے آنے والی ہیں۔دریں اثنا جموں و کشمیر میں ستمبر میں پہلی مرتبہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے معروف فلم سازوں رمیش سپی۔ ودھو ونود چوپڑا اور دیگر شخصیات کے ساتھ فیسٹیول کے پہلے ایڈیشن کا افتتاح کیا۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ جموں و کشمیر کی فلم پالیسی ان فلم سازوں کو مالی سبسڈی اور دیگر مراعات فراہم کرتی ہے جو اپنی فلموں کی شوٹنگ کے لیے جموں و کشمیر کو ترجیح دیتے ہیں۔عمر عبداللہ نے کہا کہ حالیہ برسوں میں کشمیر میں سنیما نے مزید گہری۔ باریک اور پیچیدہ انسانی کہانیوں کو پیش کرنے کے لیے ترقی کی ہے۔ ہماری جامع جموں و کشمیر فلم پالیسی کے تحت ہمارا مقصد جموں و کشمیر کو صرف ایک خوبصورت مقام کے بجائے فلم سازوں کے لیے سازگار مقامات میں تبدیل کرنا ہے۔ ہم جموں و کشمیر میں شوٹنگ کرنے والے فلم سازوں کو قابل ذکر مالی سبسڈی فراہم کرتے ہیں۔ خواہ کوئی آزاد فلم ساز اپنی پہلی فلم بنا رہا ہو یا کوئی بڑا عالمی اسٹوڈیو ہو۔ حکومت شوٹنگ کے دنوں اور مقامی اخراجات کی بنیاد پر براہ راست مالی مدد فراہم کرتی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے فلم سازوں پر زور دیا کہ وہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور جموں و کشمیر کے مالا مال ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے مقامی فنکاروں۔ تکنیکی ماہرین اور عملے کو بھی کام دیں۔فلم فیسٹیول میں فلم "مرزا پور۔ دی مووی" کی کامیابی کے بعد پنکج ترپاٹھی اور دویندو نے بھی شرکت کی۔ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف جموں و کشمیر کا آغاز 7 ستمبر کو ہوا تھا اور 10 ستمبر کو اختتام پذیر ہوا۔