سرینگر: جموں و کشمیر کے ضلع کولگام کے اخراں علاقے میں بدھ کی دوپہر موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح حملہ آوروں نے سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی ایک سکیورٹی چوکی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی سخت کردی گئی ہے اور حملہ آوروں کی تلاش کے لیے متعدد ایجنسیوں نے مشترکہ سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ اس واقعے کی مختلف سیاسی رہنماؤں نے مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی انتظامات مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔
حکام کے مطابق حملہ بدھ کی دوپہر تقریباً 2:15 بجے اس وقت ہوا جب سی آر پی ایف کے اہلکار ایک ناکے پر تعینات تھے۔ موٹر سائیکل پر سوار حملہ آوروں نے اچانک اہلکاروں پر فائرنگ کی اور اس کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
زخمی اہلکاروں کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل سوم ویر سنگھ اور کانسٹیبل راکیش داس اور سنتوش چندرو کے طور پر ہوئی ہے۔ سنتوش چندرو کا تعلق مغربی بنگال سے ہے۔ انہیں پیٹ اور ریڑھ کی ہڈی میں چوٹیں آئی ہیں اور ان کی حالت قدرے تشویشناک بتائی گئی ہے۔ آسام کے رہنے والے راکیش داس کی ٹانگ میں گولی لگی ہے جبکہ مدھیہ پردیش کے سوم ویر سنگھ کے بازو میں گولی لگی ہے۔ دونوں کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔
سی آر پی ایف کی جوابی کارروائی سے حملہ آوروں کے منصوبے ناکام
حکومتی ذرائع کے مطابق پولیس اور سی آر پی ایف کی تعیناتی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی تھی۔ حملے کے دوران زخمی ہونے کے باوجود تینوں اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کی اور حملہ آوروں کا تعاقب بھی کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اہلکاروں کی مستعدی اور پیشہ ورانہ کارروائی کے باعث حملہ آور اپنے منصوبوں میں کامیاب نہیں ہوسکے اور انہیں موقع سے پیچھے ہٹنا پڑا۔
ذرائع نے مزید کہا کہ سکیورٹی فورسز کی بڑھتی ہوئی چوکسی اور علاقے میں مؤثر نگرانی کے باعث حملہ آوروں کے لیے اپنے مقاصد حاصل کرنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔ حکومتی ذرائع نے زخمی اہلکاروں کی بہادری اور فوری ردعمل کو قابل ستائش قرار دیا ہے۔
نائب وزیر اعلیٰ نے حملے پر افسوس ظاہر کیا
جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی امید ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ ایک اور حملہ ہوا جس میں ہمارے سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ امید ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو لوٹیں گے اور دوبارہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی نے گزشتہ کئی برسوں کے دوران جموں و کشمیر کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ اس کی وجہ سے کئی نوجوانوں اور سکیورٹی اہلکاروں کو اپنی جانیں گنوانی پڑی ہیں۔ نیشنل کانفرنس نے بھی اس دوران اپنے رہنماؤں اور کارکنوں کی قربانیاں دی ہیں۔
سریندر چودھری نے جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت اور خصوصی درجے کی منسوخی کو بھی عوام کے لیے بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں کے لوگوں کی مشکلات اب بھی ختم نہیں ہوئی ہیں۔
سکینہ ایتو نے سکیورٹی مزید مضبوط کرنے پر زور دیا
جموں و کشمیر کی وزیر صحت سکینہ ایتو نے بھی کولگام فائرنگ کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات نہیں ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں حالات کو مستحکم رکھنا سب کے مفاد میں ہے اور ایسے حملوں کی کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے سکیورٹی انتظامات کو مزید مضبوط اور بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات کیے جانے چاہئیں تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات کو روکا جاسکے۔
کانگریس صدر طارق حمید قرہ نے مرکز کو ذمہ دار ٹھہرایا
جموں و کشمیر کانگریس کے صدر طارق حمید قرہ نے اس حملے کو محض سکیورٹی میں کوتاہی قرار دینے کے بجائے اسے حکومت ہند کی ناکامی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ زخمی اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ان کی ہمدردیاں ہیں لیکن اس واقعے نے کئی سوالات کھڑے کردیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حملہ لیفٹیننٹ گورنر کے ایک پروگرام سے محض 2 سے 3 کلومیٹر کے فاصلے پر ہوا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حملہ آور جب اور جہاں چاہیں کارروائی کرسکتے ہیں۔
طارق حمید قرہ نے جموں و کشمیر میں حالات بہتر ہونے کے مرکزی حکومت کے دعوؤں پر بھی سوال اٹھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت حالات کے مطابق اپنا موقف تبدیل کرتی رہتی ہے۔ انہوں نے کشتواڑ اور پونچھ راجوری میں پیش آنے والے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں میں طویل عرصے تک سکیورٹی آپریشن جاری رہے لیکن اس کے باوجود حالات بہتر ہونے کے دعوے کیے جاتے رہے۔
فارنسک ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کیے
واقعے کے بعد کولگام کے اخراں علاقے میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ فارنسک ٹیم نے جائے وقوعہ کا دورہ کرکے نمونے اور دیگر شواہد جمع کیے ہیں تاکہ حملے کی تحقیقات میں مدد مل سکے۔ حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مشترکہ سرچ آپریشن جاری ہے۔
دفاعی امور کے ماہر سنجیو سریواستو نے کہا کہ علاقے کی صورتحال ابھی غیر واضح ہے اور سکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی مہم شروع کردی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ واقعہ ہندوستان کے خلاف پاکستان کی حمایت یافتہ دہشت گردی کی سرگرمیوں کا تسلسل ہے۔ ان کے مطابق حملے کی ذمہ داری تاحال کسی دہشت گرد تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔
سکیورٹی حکام کے مطابق حملے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داروں کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے