کارتگئی دیپم تنازع: عدالت کی کھلی توہین اور انتظامی تکبر کا معاملہ ہے

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 27-11-2026
کارتگئی دیپم تنازع: عدالت کی کھلی توہین اور انتظامی تکبر کا معاملہ ہے
کارتگئی دیپم تنازع: عدالت کی کھلی توہین اور انتظامی تکبر کا معاملہ ہے

 



نئی دہلی: ہندوستانی محکمہ آثار قدیمہ (اے ایس آئی) نے جمعہ کو سپریم کورٹ سے کہا کہ تمل ناڈو پولیس نے اس کے افسران کو روک دیا تھا اور انہیں تروپّرن کنڈرم پہاڑی کی چوٹی پر واقع متنازع دیپ تھون ستون پر رسمی چراغ جلانے کے مقام تک جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ اے ایس آئی کی جانب سے پیش ہونے والے سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے جسٹس اروند کمار اور جسٹس وپل ایم پنچولی کی بنچ کو بتایا کہ مندر کے ٹرسٹیوں نے اے ایس آئی کو مطلع کیا تھا کہ اس کے افسران کے داخلے کے سلسلے میں انہیں اعلیٰ حکام سے کوئی ہدایت نہیں ملی تھی۔

مہتا نے کہا، ’’مقامی پولیس نے سہ پہر 3 بجے اے ایس آئی کی ٹیم کو ایک مقام پر روک دیا اور اسے چراغ کے پاس جانے کی اجازت نہیں دی۔‘‘ سالیسٹر جنرل نے کہا، ’’میری مؤدبانہ گزارش ہے کہ یہ عدالت کی کھلی توہین اور انتظامی تکبر کا معاملہ ہے۔ حکومت ابتدا ہی سے اس کی مخالفت کرتی رہی ہے۔‘‘ مہتا نے دلیل دی کہ توہین عدالت کے ملزمان کا موقف سننے سے پہلے دیپ تھون پر چراغ جلایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا، ’’اے ایس آئی کی جانب سے میری درخواست ہے کہ چونکہ یہ تسلیم کیا جا چکا ہے کہ عدالتی حکم پر عمل نہیں ہوا، اس لیے توہین عدالت کے ملزمان کی دلیلیں سننے سے پہلے چراغ جلا کر عدالتی حکم کی خلاف ورزی کا ازالہ کیا جانا چاہیے۔‘‘

مہتا نے کہا، ’’پولیس نے جس طرح کام کیا، اس کے بعد مزید کچھ کہنے کو نہیں رہ جاتا۔ ایسے ویڈیوز موجود ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پورے احاطے میں پولیس اہلکار تعینات تھے۔ میری درخواست ہے کہ کسی دوسری ایجنسی کے ذریعے اس معاملے کی نگرانی یقینی بنائی جائے۔‘

‘ سماعت شروع ہوتے ہی سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ وہ اصل مقدمے پر غور نہیں کرے گی اور اس کی سماعت صرف 20 نومبر کے اس حکم پر عمل نہ کیے جانے کے معاملے تک محدود رہے گی، جس میں 24 نومبر کو ایک مرتبہ دیپ تھون پر کارتگئی دیپم روشن کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ عدالت متنازع دیپ تھون ستون پر رسمی چراغ روشن نہ کیے جانے سے متعلق توہین عدالت کی درخواستوں اور دیگر عرضیوں پر سماعت کر رہی تھی۔

توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے والے کارتکیئن کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل ایس گرو کرشن کمار نے دلیل دی کہ تمل ناڈو حکومت نے ابتدا ہی سے یہ طے کر لیا تھا کہ وہ چراغ جلانے کی اجازت نہیں دے گی اور حکومت کی جانب سے پیش کی گئی ابتدائی رپورٹ دراصل ایک طرح کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ضلع مجسٹریٹ کو اس معاملے میں اے ایس آئی سے بھی مشورہ کرنا تھا۔

اس ذمہ داری کو ادا کرنے میں مکمل ناکامی ہوئی ہے۔ ابتدائی رپورٹ ایک طرح کا اعتراف ہے۔ انہوں نے چراغ جلانے کے علاوہ سب کچھ کیا۔ چراغ نہ جلائے جانے کی واحد وجہ ٹرسٹی بورڈ کی جانب سے اجازت نہ دیا جانا ہے۔ ٹرسٹی بورڈ نے کبھی اس معاملے کو چیلنج نہیں کیا۔ وہ عدالت کے حکم پر عمل کرنے کا پابند ہے۔‘‘