نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے 2023 کے کنجھاوالا ہٹ اینڈ ڈریگ کیس میں مبینہ کار ڈرائیور امیت کھنہ کو ضمانت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ اس واقعے میں ایک نوجوان خاتون کو کار سے ٹکر لگنے کے بعد کئی کلومیٹر تک گھسیٹے جانے سے اس کی موت ہوگئی تھی۔ جسٹس گریش کٹھپالی نے کہا کہ مبینہ قتل کی سنگینی اور جس طریقے سے یہ واردات انجام دی گئی، اسے دیکھتے ہوئے عدالت ملزم امیت کھنہ کو راحت دینے کے حق میں نہیں ہے۔ انجلی سنگھ (20) کی یکم جنوری 2023 کی علی الصبح موت ہوگئی تھی۔
اس کی اسکوٹی کو ایک کار نے ٹکر مار دی تھی، جس کے بعد کار اسے سلطان پوری سے کنجھاوالا تک 12 کلومیٹر سے زیادہ فاصلے تک گھسیٹتی رہی۔ جمعرات کو جاری کیے گئے اپنے حکم میں جسٹس کٹھپالی نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے ظاہر ہوتا ہے کہ مذکورہ کار ملزم کو چلانے کے لیے دی گئی تھی۔ عدالت نے کہا کہ کار سے ٹکر لگنے اور انجلی کے جسم کے کار کے نیچے پھنس جانے کے باوجود ملزم نے گاڑی چلانا جاری رکھا۔ بعد میں اس نے گاڑی روکی اور نیچے اترا، لیکن مقتولہ کے کار کے نیچے پھنسی ہونے کا علم ہونے کے باوجود اس نے دوبارہ گاڑی چلائی اور تقریباً 13 کلومیٹر تک آگے گیا۔
عدالت نے کہا، ’’جس سنگینی اور طریقے سے مبینہ طور پر قتل کیا گیا، وہ مجھے ضمانت دینے سے روکتا ہے۔ لہٰذا ضمانت کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔‘‘ امیت کھنہ نے اس بنیاد پر ضمانت طلب کی تھی کہ وہ یکم جنوری 2023 سے جیل میں ہے اور اس کے خلاف کوئی ثبوت موجود نہیں ہے۔ اس کے وکیل نے یہ بھی کہا کہ کیس کے دیگر تمام ملزمان کو پہلے ہی ضمانت مل چکی ہے۔ ملزم کے وکیل نے عدالت میں دلیل دی کہ مقتولہ کی ساتھی نِدھی نے ملزم کو کار کا ڈرائیور ہونے کی شناخت کرنے کا دعویٰ اپنی تیسری گواہی میں کیا، جو واقعے کے تقریباً ایک ہفتے بعد ریکارڈ کی گئی تھی۔
وکیل نے یہ بھی کہا کہ نِدھی کے بیان کے مطابق واقعے کے وقت انجلی نے بہت زیادہ شراب پی رکھی تھی، کیونکہ دونوں ایک پارٹی سے واپس آ رہی تھیں۔ وکیل نے مزید دعویٰ کیا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کا چہرہ واضح طور پر نظر نہیں آتا اور تفتیشی افسر نے اب تک ’فیشل ریکگنیشن سسٹم‘ کے نتائج بھی عدالت میں پیش نہیں کیے ہیں۔ دہلی پولیس کے وکیل نے ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کار امیت کھنہ ہی چلا رہا تھا۔ عدالت نے نِدھی کے بیان کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ اگرچہ بیان میں انجلی کے واقعے کے وقت نشے میں ہونے کا ذکر ہے، لیکن اسی بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امیت کھنہ اور کار میں موجود دیگر افراد نے بھی ’’بہت زیادہ شراب پی رکھی تھی‘‘۔ جولائی 2023 میں ٹرائل کورٹ نے امیت کھنہ اور تین دیگر ملزمان کے خلاف قتل کے الزامات طے کرنے کا حکم دیا تھا۔ اس سے قبل دہلی پولیس نے اپریل 2023 میں اس معاملے میں 800 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ داخل کی تھی۔