ناگپور: نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے بدھ کے روز کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا حکومتوں، یونیورسٹیوں، صنعتوں، سماجی اداروں اور خاندانوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یونیورسٹیوں پر زور دیا کہ وہ خواتین کو ہنر مند بنانے، معاشی طور پر خود کفیل ہونے اور قیادت کے عہدوں کے لیے تیار کرنے میں اہم کردار ادا کریں۔ رادھا کرشنن ناگپور یونیورسٹی میں ’سویم سدھا‘ پہل کے تحت منعقد ہونے والی پہلی قومی کانفرنس ’وجیا: تعلیم کے ذریعے بااختیاری کا سفر‘ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ’سویم سدھا‘ پروگرام کا آغاز اس وقت کیا گیا تھا جب وہ مہاراشٹر کے گورنر تھے۔
اس پروگرام کا بنیادی مقصد اعلیٰ تعلیمی اداروں کو خواتین کو بااختیار بنانے کے عمل میں براہ راست شامل کرنا تھا۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ تعلیم خواتین کے لیے کلاس روم سے نکل کر تحقیق، پیشہ ورانہ شعبوں، انتظامیہ اور اداروں میں فیصلہ سازی تک پہنچنے کے راستے کھولنی چاہیے۔ یونیورسٹیوں کو چاہیے کہ وہ خواتین کو ضروری مہارتیں فراہم کریں، انہیں معاشی طور پر خود مختار بنائیں، ان میں خود اعتمادی پیدا کریں اور قیادت کے لیے تیار کریں۔ انہوں نے یونیورسٹیوں اور کالجوں سے یہ بھی کہا کہ وہ طلبہ، خصوصاً دیہی اور دور دراز علاقوں کے ساتھ معاشی طور پر کمزور طبقوں سے تعلق رکھنے والی طالبات کی ضروریات کو سمجھیں اور انہیں ڈیجیٹل سہولتوں، کریئر رہنمائی اور ہنر مندی کی تربیت تک رسائی فراہم کریں۔ رادھا کرشنن نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے حکومت، تعلیمی اداروں، صنعتوں، سماجی تنظیموں اور خاندانوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
یونیورسٹیوں کو اس شعبے میں تحقیق کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے، کامیاب تجربات کو دستاویزی شکل دینی چاہیے اور انہیں دوسرے تعلیمی اداروں تک پہنچانا چاہیے۔ اعلیٰ تعلیم سے متعلق آل انڈیا سروے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اعلیٰ تعلیم میں خواتین کے مجموعی داخلے کی شرح 2014-15 میں تقریباً 23 فیصد تھی، جو 2023-24 میں بڑھ کر 31 فیصد سے زیادہ ہوگئی۔ ان کے مطابق اعلیٰ تعلیم میں خواتین کی بڑھتی ہوئی تعداد اور تعلیمی جلسوں میں ان کی نمایاں کارکردگی اس تبدیلی کی عکاس ہے جس میں خواتین کی ترقی سے آگے بڑھ کر خواتین کی قیادت میں ترقی کا تصور مضبوط ہو رہا ہے۔
نائب صدر نے ’ناری شکتی وندن ادھینیم‘ کا بھی ذکر کیا، جس کے تحت لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے 33 فیصد نشستیں مخصوص کرنے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ انہوں نے اسے جمہوری اداروں میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ رادھا کرشنن نے ’سویم سدھا‘ پروگرام کو قومی سطح پر متعارف کرانے کے لیے ناگپور یونیورسٹی کو مبارک باد دی۔ انہوں نے بتایا کہ کانفرنس کے عنوان ’وجیا‘ میں خواتین کو بااختیار بنانے کے 6 پہلو شامل ہیں: وژن، شمولیت، انصاف، اختیار و خودمختاری، نوجوان خواتین کی قیادت اور کامیابی۔