سری نگر: جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ہفتے کے روز ریاست کے اہم صنعتی تربیتی اداروں (آئی ٹی آئی) کے کلسٹروں کو جدید بنانے کے لیے ’پی ایم سیتو‘ اسکیم کے تحت 475.41 کروڑ روپے منظور کرنے پر مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ پی ایم سیتو، یعنی جدید آئی ٹی آئی کے ذریعے وزیر اعظم کی ہنرمندی اور روزگار میں تبدیلی کی اسکیم، وزارتِ ہنرمندی کی ترقی اور صنعت کاری کی ایک اہم پہل ہے۔
اس کا مقصد صنعتی تربیتی اداروں کو جدید بنانا اور پیشہ ورانہ تعلیم کو موجودہ صنعتوں کی ضروریات کے مطابق ڈھالنا ہے۔ وزیر اعلیٰ کے دفتر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر میں اہم آئی ٹی آئی کلسٹروں کو جدید بنانے کے لیے پی ایم سیتو کے تحت 475.41 کروڑ روپے کے سرمایہ کاری منصوبوں کی منظوری دینے پر وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر برائے ہنرمندی کی ترقی اور صنعت کاری جینت سنگھ کا شکریہ ادا کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ کے دفتر کے مطابق، اس منصوبے کے تحت جموں آئی ٹی آئی کلسٹر کو 240 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے جدید بنایا جائے گا، جبکہ سری نگر آئی ٹی آئی کلسٹر کی بہتری اور جدید کاری پر 235.41 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔