جموں و کشمیر جلد دہشت گردی سے پاک ہوگا، اب چند غیر ملکی دہشت گرد باقی: منوج سنہا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 18-11-2026
جموں و کشمیر جلد دہشت گردی سے پاک ہوگا، اب چند غیر ملکی دہشت گرد باقی: منوج سنہا
جموں و کشمیر جلد دہشت گردی سے پاک ہوگا، اب چند غیر ملکی دہشت گرد باقی: منوج سنہا

 



ادھم پور: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کو امید ظاہر کی کہ مرکز کے زیر انتظام یہ خطہ جلد ہی دہشت گردی سے پاک ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب یہاں صرف چند غیر ملکی دہشت گرد باقی رہ گئے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ دہشت گردی امن اور ترقی کے لیے سب سے بڑا خطرہ بنی ہوئی ہے، تاہم مسلسل کوششوں کے نتیجے میں خطے میں سلامتی اور استحکام کی صورت حال بہتر ہو رہی ہے۔ سنہا کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وادی کشمیر میں لشکر طیبہ کے آخری معلوم سرگرم دہشت گرد لطیف بھٹ کو ضلع کولگام میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ ایک جھڑپ میں ہلاک کر دیا گیا ہے۔

ادھم پور میں واقع شیر کشمیر پولیس اکیڈمی میں پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس، سب انسپکٹروں اور فارسٹ پروٹیکشن فورس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹروں کی تربیت مکمل ہونے کے موقع پر منعقدہ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے منوج سنہا نے کہا، ’’اب صرف چند غیر ملکی دہشت گرد باقی رہ گئے ہیں اور جموں و کشمیر جلد ہی دہشت گردی سے پاک ہو جائے گا۔ کئی دہائیوں تک ایسا ماحول بنایا گیا تھا کہ دکانیں، اسکول اور کاروباری ادارے سال کے نصف حصے تک بند رہتے تھے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں موجود ’’تنازع کے سوداگر‘‘ دہشت گردی اور علیحدگی پسندی کا کاروبار کر رہے تھے۔

سنہا نے کہا، ’’وزیراعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں ملک نے ان پر سخت ضرب لگائی اور تنازع کے سوداگروں کی دکانیں بند کر دیں۔‘‘ ڈیوٹی کے دوران جان گنوانے والے اسپیشل پولیس افسران (ایس پی او) رَشپال کمار اور بابی چند کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سنہا نے کہا کہ ان کی بہادری، لگن اور عظیم قربانی آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ مشعل راہ بنی رہے گی۔ انہوں نے کہا، ’’کسی شہید کا گھر میرے لیے سب سے بڑا مندر اور زیارت گاہ ہے۔ میں ان کے اہل خانہ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ اس مشکل وقت میں وہ تنہا نہیں ہیں۔ پورا ملک ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

‘‘ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ کسی بھی طرح کا معاوضہ کسی قیمتی انسانی جان کے نقصان کی تلافی نہیں کر سکتا، لیکن حکومت کی ذمہ داری ہے کہ شہیدوں کے اہل خانہ عزت اور وقار کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو یقین دلایا کہ ان کے بچوں اور آنے والی نسلوں کا مستقبل روشن بنانے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔