کلیم الدین احمد کی تحریروں پر مبنی کتاب شائع

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 10-11-2026
 کلیم الدین احمد کی تحریروں پر مبنی کتاب شائع
کلیم الدین احمد کی تحریروں پر مبنی کتاب شائع

 



نئی دہلی،: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبہ اردو اور قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان (این سی پی یو ایل)، وزارت تعلیم، حکومت ہند کے اشتراک سے منعقدہ قومی سمینار میں پیش کیے گئے علمی و تحقیقی مقالات کتابی شکل میں شائع ہوگئے ہیں۔ یہ سمینار 27 اپریل 2026 کو جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سی آئی ٹی۔ ایف ٹی میں منعقد ہوا تھا۔ اس کا عنوان ’’کلیم الدین احمد کی نگارشات: ایک بازدید‘‘ تھا۔

مذکورہ کتاب کی تدوین و تہذیب شعبہ اردو کے صدر اور سمینار کے کنوینر پروفیسر کوثر مظہری نے انجام دی ہے۔ اس کتاب کی اشاعت اور قومی سمینار کا انعقاد جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شیخ الجامعہ پروفیسر مظہر آصف اور مسجل پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی کے تعاون اور خصوصی دلچسپی سے ممکن ہوسکا۔

یہ کتاب مجموعی طور پر 22 علمی و تحقیقی مقالات پر مشتمل ہے۔ اس میں علی گڑھ سے تعلق رکھنے والے پروفیسر شافع قدوائی کا 18 صفحات پر مشتمل کلیدی خطبہ بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ کتاب کے مرتب پروفیسر کوثر مظہری کا 18 صفحات پر مشتمل تفصیلی پیش لفظ بھی اس کا حصہ ہے۔

کتاب میں شامل مقالات کلیم الدین احمد کی تحریروں اور ان کے ادبی و تنقیدی افکار کے مطالعے کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہیں۔ اس اعتبار سے یہ کتاب اردو ادب کے اس اہم ادبی و تنقیدی موضوع پر تحقیق کرنے والے اساتذہ اور محققین کے لیے ایک اہم حوالہ جاتی دستاویز ثابت ہوسکتی ہے۔

جامعہ ملیہ اسلامیہ کا شعبہ اردو علمی و تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور اردو زبان و ادب کے اہم موضوعات پر سنجیدہ علمی کام کو آگے بڑھانے کے لیے کوشاں ہے۔ شعبے کے مطابق وہ شیخ الجامعہ پروفیسر مظہر آصف کے متعین کردہ علمی و تعلیمی وژن کے مطابق اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

یہ اشاعت کلیم الدین احمد کی ادبی و تنقیدی تحریروں کو نئے سرے سے علمی حلقوں میں زیر بحث لانے اور ان پر مزید تحقیق کی راہیں ہموار کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔