سرینگر۔میرواعظ محمد عمر فاروق نے جموں و کشمیر میں دوسری مشترکہ خطبۂ جمعہ کے دوران خوراک میں ملاوٹ کے بڑھتے واقعات اور حال ہی میں بڑی مقدار میں سڑا ہوا گوشت ضبط کیے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس صورت حال پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ عوامی جواب دہی اور معاشرتی اخلاقیات کے محاذ پر کہاں کوتاہی ہو رہی ہے۔
میرواعظ نے سری نگر کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مشترکہ خطبے کی قیادت کی۔ اس سے قبل منگل کے روز متحدہ مجلس علما (ایم ایم یو) نے فیصلہ کیا تھا کہ اس جمعہ کا خطبہ ’’خوراک میں ملاوٹ۔ اخلاقی زوال اور اجتماعی ذمہ داری‘‘ کے موضوع پر ہوگا۔ میرواعظ عمر فاروق جموں و کشمیر کی متحدہ مجلس علما کے سربراہ ہیں جس میں کشمیر۔ جموں اور لداخ کے علما شامل ہیں۔
قرآن کریم کی حلال اور طیب کی ہدایت کا حوالہ دیتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ اسلام میں کھانے کا حلال ہونا ہی کافی نہیں بلکہ اس کا پاکیزہ۔ صحت بخش اور استعمال کے لیے محفوظ ہونا بھی ضروری ہے۔
جموں و کشمیر اور لداخ کی مساجد اور خانقاہوں میں مشترکہ خطبۂ جمعہ کا یہ دوسرا موقع تھا۔ اس سلسلے کا پہلا خطبہ 16 اکتوبر کو دیا گیا تھا۔ جموں و کشمیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس طرح کا فیصلہ متحدہ مجلس علما نے 15 ستمبر کو منعقدہ اجلاس میں کیا تھا۔ اس تنظیم کی قیادت میرواعظ عمر فاروق کر رہے ہیں۔
اسی طرح جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن درخشاں اندرابی نے بھی علما۔ مفتیان۔ ائمہ اور خطبا کے ایک اجلاس میں اس نوعیت کا قدم اٹھایا تھا۔ تاہم اس اقدام کو میرواعظ اور مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام سمیت کئی سیاسی اور مذہبی تنظیموں کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ بعد میں درخشاں اندرابی نے میرواعظ کی قیادت میں شروع کیے گئے اقدام کی ستائش کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ یہ وقف بورڈ کی طرف سے کوئی ہدایت نہیں تھی بلکہ مذہبی رہنماؤں کے اجلاس میں مذہبی اور سماجی بیداری کے لیے ایک پہل کی گئی تھی۔
میرواعظ نے 16 اکتوبر کو وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں چرار شریف واقع شیخ نورالدین نورانی کے آستانے سے پہلے مشترکہ خطبۂ جمعہ کی قیادت کی تھی۔ تاہم اس کے بعد انہیں تقریباً دو ہفتے تک خانہ نظر بند رکھا گیا۔ 13 نومبر سے انہیں آزادانہ نقل و حرکت اور جامع مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کی اجازت دی گئی۔ پہلے مشترکہ خطبے کا موضوع ایمان تھا۔
1600 کلو سے زائد سڑے گوشت کی ضبطی پر سوالات
14 نومبر 2026 کو بڈگام ریلوے اسٹیشن پر 1600 کلوگرام سے زیادہ سڑا ہوا بھینس کا گوشت ضبط کیا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق یہ گوشت دہلی سے کشمیر لایا جا رہا تھا۔ میرواعظ نے اس کارروائی پر ریلوے پولیس کی مداخلت کو سراہا لیکن ساتھ ہی سوال اٹھایا کہ اتنی بڑی مقدار میں جلد خراب ہونے والی اشیا سینکڑوں کلومیٹر کا سفر بغیر کسی حفاظتی جانچ کے کیسے طے کر گئیں۔
انہوں نے سوال کیا کہ یہ گوشت کس نے بھیجا تھا۔ کشمیر میں اسے کس نے وصول کرنا تھا اور اسے کہاں تقسیم کیا جانا تھا۔ کیا گوشت کی کھیپ کو درست تفصیلات کے ساتھ منتقل کیا گیا تھا اور لازمی جانچ کیوں نہیں کی گئی؟
میرواعظ نے پوری سپلائی چین کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صرف سڑا ہوا گوشت ضبط کرکے تلف کردینا کافی نہیں ہے۔ اس کے ذمہ دار افراد کی نشاندہی کی جائے اور انہیں بے نقاب کرکے سزا دی جائے۔
انہوں نے یہ بھی سوال کیا کہ گزشتہ سال ہزاروں کلوگرام سڑا ہوا گوشت ضبط کیے جانے اور اسے جانچ کے لیے فارنسک لیبارٹری بھیجے جانے کے بعد ہونے والی تحقیقات کا کیا نتیجہ نکلا۔ اس وقت وعدہ کیا گیا تھا کہ تحقیقات کے بعد رپورٹ عام کی جائے گی اور قصورواروں کو سزا دی جائے گی۔ میرواعظ نے پوچھا کہ اس تحقیقات کا کیا ہوا اور اس کی رپورٹ کہاں ہے؟
اسمبلی میں پیش اعداد و شمار پر تشویش
میرواعظ نے قانون ساز اسمبلی میں پیش کیے گئے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2025-26 کے دوران دسمبر 2025 تک 12,183 کلوگرام سے زیادہ سڑا ہوا گوشت تلف کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ جموں اور سانبہ میں 7,665 کلوگرام غیر معیاری پنیر بھی ضبط کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے مسلسل واقعات سے عوام میں تشویش بڑھ رہی ہے اور خوراک کے تحفظ سے متعلق اداروں پر اعتماد کمزور ہو رہا ہے۔
خوراک کے تحفظ کے نظام میں سنگین خامیوں کا ذکر کرتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق جموں و کشمیر کے 20 اضلاع میں صرف 68 فوڈ سیفٹی افسران تعینات ہیں۔ خوراک کی جانچ کرنے والی دو لیبارٹریوں میں ہر ایک کے لیے منظور شدہ 19 تکنیکی آسامیوں میں سے 11 خالی ہیں۔ اسی طرح 12 موبائل فوڈ ٹیسٹنگ گاڑیاں بھی عملے کی کمی کے باعث مؤثر طور پر کام نہیں کر پا رہی ہیں۔ حالانکہ اس سے قبل سرکاری سطح پر ان گاڑیوں کے فعال ہونے کے دعوے کیے گئے تھے۔
انہوں نے سوال کیا کہ جب خوراک کی جانچ اور نگرانی کے ذمہ دار اداروں میں عملے کی اتنی شدید کمی ہو تو عوامی صحت کا تحفظ کیسے ممکن ہے؟
میرواعظ نے حکومت پر زور دیا کہ خالی آسامیوں کو فوری طور پر پُر کیا جائے۔ لیبارٹریوں کو مضبوط بنایا جائے۔ موبائل ٹیسٹنگ گاڑیوں کو فعال کیا جائے اور بازاروں۔ ریلوے کے ذریعے آنے والی اشیا اور خوراک کی نقل و حمل کی باقاعدہ جانچ یقینی بنائی جائے۔
حلال گوشت کی تصدیق اور مقامی پیداوار پر زور
میرواعظ نے بیرونی علاقوں سے آنے والے حلال گوشت کی اصلیت کے بارے میں عوام میں بڑھتی تشویش پر بھی اظہار خیال کیا۔ انہوں نے گوشت کے ماخذ۔ ذبح کرنے کے طریقہ کار اور حلال سرٹیفکیٹ کی شفاف تصدیق کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صورت حال سے ہوٹلوں۔ ریستورانوں اور مہمان نوازی کے شعبے کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔
مقامی سطح پر خوراک کی پیداوار میں خود کفالت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے میرواعظ نے سوال کیا کہ کشمیر گوشت اور دیگر ضروری غذائی اشیا کے لیے بیرونی منڈیوں پر اتنا زیادہ انحصار کیوں کر رہا ہے۔
انہوں نے جموں و کشمیر میں نوجوانوں کی بے روزگاری کی شرح 26.2 فیصد ہونے کا حوالہ دیا جبکہ قومی سطح پر یہ شرح 15.3 فیصد ہے۔ میرواعظ نے حکومت پر زور دیا کہ بھیڑ بکری پالنے۔ پولٹری اور اس سے وابستہ کاروبار کو فروغ دینے کے لیے مالی مدد۔ تربیت اور منڈیوں تک رسائی فراہم کی جائے۔ اس سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور مقامی پیداوار کو بھی تقویت ملے گی۔
انہوں نے سوال کیا کہ ہمارا معاشرہ کس سمت جا رہا ہے کہ کچھ لوگ معمولی اضافی منافع کے لیے دوسروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کے لیے تیار ہیں؟ ہمارے درمیان دیانت داری۔ ہمدردی۔ جواب دہی اور اللہ کا خوف کہاں چلا گیا ہے؟
خوراک کو ملاوٹ سے پاک رکھنا اجتماعی ذمہ داری
میرواعظ نے کہا کہ عوام کا اعتماد بحال کرنے کی ذمہ داری صرف حکومت اور کاروباری طبقے پر نہیں بلکہ پورے معاشرے پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرہ افراد سے تشکیل پاتا ہے اور اگر ہم خود منافع کے لیے ایسے غلط کاموں میں ملوث ہوں تو اس کی ذمہ داری بھی ہم سب پر یکساں طور پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں حکام سے جواب دہی کے ساتھ کاروباری طبقے سے دیانت داری اور معاشرے سے اخلاقی پاکیزگی کی توقع رکھنی چاہیے۔ ہماری کوشش صرف خوراک کو ملاوٹ سے پاک رکھنے تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ معاشرے کو لالچ۔ بے ایمانی اور اخلاقی زوال سے بھی پاک کرنے کی ضرورت ہے