نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے پیر کو الزام لگایا کہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے فارم-6 میں ’’غیر قانونی اور یکطرفہ‘‘ طریقے سے تبدیلی کی اور یہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو فائدہ پہنچانے کے لیے اپنے عہدے کے غلط استعمال کا ’’ایک اور ثبوت‘‘ ہے۔
گاندھی نے 26 ستمبر کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے ایک پریس نوٹ کا حوالہ دیتے ہوئے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا، ’’اب یہ شک سے بالاتر ثابت ہو چکا ہے کہ گیانیش کمار نے فارم-6 میں غیر قانونی اور یکطرفہ طریقے سے تبدیلی کی۔‘‘ انہوں نے الزام لگایا، ’’یہ بی جے پی کی مدد کرنے کے لیے اپنے عہدے کے غلط استعمال کا ایک اور ثبوت ہے۔‘
‘ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف نے کہا کہ جمہوریت پر ’’اس مجرمانہ حملے‘‘ میں شامل گیانیش کمار اور دیگر تمام لوگوں کو جواب دہ بنایا جائے گا۔ کانگریس لیڈر نے جس پریس نوٹ کا حوالہ دیا، اس میں الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ خصوصی گہری نظرثانی کے دوران فارم-6 کے ساتھ منسلک حلف نامے کو سپریم کورٹ نے درست قرار دیا ہے۔
دوسری جانب چیف جسٹس آف انڈیا سوریا کانت نے پیر کو واضح کیا کہ سپریم کورٹ نے خصوصی گہری نظرثانی کے دوران ووٹر لسٹ میں نام شامل کرنے کے لیے استعمال ہونے والے فارم-6 کے کسی ترمیم شدہ نمونے کو منظوری نہیں دی ہے۔ انہوں نے یہ بات چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف مقدمہ چلانے کی اجازت دینے کی درخواست پر سماعت کے دوران کہی۔