کٹنی (مدھیہ پردیش): مدھیہ پردیش کے ضلع کٹنی انتظامیہ نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کی تحقیقات شروع کردی ہیں، جس میں مبینہ طور پر بھاری مشینوں کے ذریعے غیر قانونی طور پر ریت نکالتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ضلع کلکٹر آشیش تیواری نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے اشارہ ملتا ہے کہ ویڈیو میں دکھائی جانے والی جگہ پڑوسی ضلع امریا میں واقع ہے۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو سامنے آنے کے بعد انہوں نے معاملے کی تحقیقات کے لیے کانکنی افسر کی نگرانی میں ایک ٹیم تشکیل دی ہے۔ یہ ٹیم محکمہ مال کے افسران کی مدد سے موقع پر بھیجی گئی ہے۔ کلکٹر نے کہا، ’’میں نے پہلے ہی وہاں ایک ٹیم بھیج دی ہے۔ ضلع امریا میں قانونی طور پر منظور شدہ ریت کی کانیں موجود ہیں اور یہ ویڈیو انہی کانوں کے سرحدی علاقے کی ہے۔ وہاں قانونی طور پر منظور شدہ کانوں سے ہی ریت نکالی جارہی ہے۔
ضلع کٹنی میں اب تک کسی بھی کان کو قانونی منظوری نہیں دی گئی ہے اور ٹینڈر کا عمل بھی جاری ہے۔ اس لیے یہ ویڈیو ضلع کٹنی کی نہیں ہے۔‘‘ غیر قانونی کانکنی کے معاملے میں زیر بحث آنے والے سُتری گاؤں کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے کلکٹر تیواری نے کہا کہ یہ ایک سرحدی گاؤں ہے، جس کی وجہ سے اکثر یہ طے کرنے میں الجھن ہوتی ہے کہ یہ کٹنی میں واقع ہے یا امریا میں۔
انہوں نے کہا کہ ضلع میں ریت کی کانوں کی نیلامی کا عمل سرکاری سطح پر جاری ہے۔ ٹینڈر کا عمل مکمل ہونے کے بعد ورک آرڈر جاری کردیے جائیں گے۔ کلکٹر کے مطابق کانکنی افسر کو پوری ٹیم کے ساتھ موقع پر بھیجا گیا ہے، جب کہ محکمہ مال کے افسران بھی جگہ کی درست نشاندہی میں تعاون کررہے ہیں۔ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔