ہند۔پاک میں قیدیوں کی فہرست کاتبادلہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 01-07-2021
قیدیوں کا معاملہ
قیدیوں کا معاملہ

 

 

نئی دہلی:آج ہندوستان اور پاکستان نے ایک دوسرے کے ساتھ قیدیوں کی سالانہ فہرستوں کا تبادلہ کیا ہے۔ ان فہرستوں کے مطابق ’پاکستان میں ہندوستان کے 609 جبکہ ہندوستان میں پاکستان کے 345 قیدی موجود ہیں۔‘ حکومت پاکستان کی جانب سے اسلام آباد میں انڈین ہائی کمیشن کو بتایا گیا ہے کہ ’پاکستان میں ہندوستان کے جو 609 قیدی موجود ہیں ان میں سے 51 سویلینز اور 558 ماہی گیر ہیں۔‘

 اردو نیوز کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جمعرات کو جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’یہ اقدام ہند۔پاک کے درمیان 21 مئی 2008 کو طے پانے والے قونصلر رسائی کے معاہدے کے تحت کیا گیا۔

‘ ’اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک ایک دوسرے کی تحویل میں موجود قیدیوں کی فہرستوں کا سال میں دو مرتبہ یکم جنوری اور یکم جولائی کو تبادلہ کرتے ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق ’ہندوستان کی جانب سے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو پاکستانی قیدیوں کی فہرست بھی فراہم کی گئی ہے۔

اس فہرست کے مطابق ہندوستان میں پاکستان کے 345 قیدی موجود ہیں جن میں 217 سویلینز اور 74 ماہی گیر شامل ہیں۔