ہندوستانی فوج کے وفد کا انڈونیشیا کا دورہ، دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 13-11-2026
ہندوستانی فوج کے وفد کا انڈونیشیا کا دورہ، دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال
ہندوستانی فوج کے وفد کا انڈونیشیا کا دورہ، دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال

 



جکارتہ۔ ہندوستان اور انڈونیشیا کے درمیان فوجی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کے تحت ہندوستانی فوج کے آرمی وار کالج کے 55ویں ہائر کمانڈ کورس کے ایک وفد نے بدھ کے روز جکارتہ میں انڈونیشیا کی قومی مسلح افواج کے بین الاقوامی تعاون مرکز (TNI-ICC) کا دورہ کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس دورے کا مقصد ہندوستانی وفد کو انڈونیشیا کے قومی دفاعی اور سلامتی کے نظام سے واقف کرانا اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان مستقبل میں تعاون کے نئے راستے تلاش کرنا تھا۔

جکارتہ میں ہندوستانی سفارت خانے نے جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ وفد کا استقبال انڈونیشیا کے اعلیٰ فوجی حکام نے کیا۔ ان میں بریگیڈیئر جنرل ٹی این آئی پیری سندھی سیتومپول بھی شامل تھے جو انڈونیشیا کی قومی مسلح افواج کے بین الاقوامی تعاون مرکز کے کمانڈر ہیں۔

سفارت خانے کے مطابق انڈونیشیائی حکام نے وفد کو ملک کی قومی دفاعی اور سلامتی کی حکمت عملی کے مختلف پہلوؤں سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ اس دوران قومی تعمیر، امن و امان اور سلامتی کے قیام میں انڈونیشیا کی مسلح افواج کے کردار پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

سفارت خانے نے مزید بتایا کہ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے موجود دفاعی تعاون کے طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا اور مستقبل میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے ممکنہ شعبوں کی نشاندہی کی گئی۔

بیان میں کہا گیا کہ ہائر کمانڈ کورس کے وفد کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے فوجی تال میل کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ہندوستانی مسلح افواج کے مستقبل کے قائدین کو انڈونیشیا کے قومی سلامتی کے منظرنامے کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

یہ دورہ ہندوستان اور انڈونیشیا کے درمیان مشترکہ فوجی مشق ’گروڑ شکتی 2026‘ کے 12ویں ایڈیشن کے اختتام کے بعد ہوا ہے۔ یہ مشق گزشتہ ہفتے انڈونیشیا کے شہر بنیوانگی میں اختتامی تقریب کے ساتھ مکمل ہوئی تھی۔ دونوں ممالک کی فوجوں نے اس دوران 11 روز تک مختلف فوجی سرگرمیوں اور تربیتی مشقوں میں حصہ لیا۔

جکارتہ میں ہندوستانی سفارت خانے نے 5 نومبر کو ایک بیان میں بتایا تھا کہ مشترکہ فوجی مشق گروڑ شکتی 2026 کا آغاز 27 اکتوبر کو بنیوانگی میں ہوا تھا اور 11 روزہ تربیتی سرگرمیوں کے بعد اختتام پذیر ہوا۔

سفارت خانے کے مطابق اس مشق میں جنگلات، جزائر اور ساحلی علاقوں جیسے مختلف جغرافیائی ماحول میں سخت تربیت دی گئی۔ مشق کا اختتام 48 گھنٹے طویل مشترکہ عملی آزمائش کے ساتھ ہوا جس میں دونوں ممالک کی افواج نے باہمی تال میل، حکمت عملی کے تحت مشترکہ کارروائی اور مختلف جنگی حالات میں اپنی تیاری کا مظاہرہ کیا۔

اس مشترکہ مشق میں ہندوستانی دستے کی نمائندگی پیراشوٹ رجمنٹ کی خصوصی افواج کے اہلکاروں نے کی جبکہ انڈونیشیا کی جانب سے اس کی خصوصی افواج کے جوانوں نے شرکت کی۔