وشاکھاپٹنم۔:ہندوستانی بحریہ اور سری لنکا کی بحریہ کے درمیان دو طرفہ بحری مشق SLINEX-26 کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ وشاکھاپٹنم کے ساحل کے قریب منعقد ہونے والی اس مشق کا یہ 13 واں ایڈیشن تھا۔
5 روزہ مشق کا اختتام سمندر میں پیچیدہ آپریشنل مشقوں کے ساتھ ہوا۔ اس سے قبل بندرگاہ کے مرحلے میں دونوں بحری افواج کے درمیان پیشہ ورانہ روابط اور باہمی تعاون کو مضبوط بنانے پر توجہ دی گئی۔
سمندری مرحلے کے دوران دونوں بحری افواج نے مختلف نوعیت کی اعلیٰ سطح کی مشقوں میں حصہ لیا۔ ان میں جنگی بحری مہارت۔ فضائی آپریشن۔ رات کے وقت سمندر میں رسد کی فراہمی اور اسپیشل فورسز کی مشقیں شامل تھیں۔ہندوستانی بحریہ نے ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ دونوں بحری افواج نے وی بی ایس ایس یعنی جہاز پر سوار ہو کر تلاشی اور قبضے کی کارروائیوں کے علاوہ سلیدرنگ آپریشنز بھی انجام دیے۔
مشق میں لائیو فلائٹ آپریشنز اور رات کے وقت سمندر میں رسد کی فراہمی کی مشکل مشقیں بھی شامل تھیں۔ ان سرگرمیوں کا مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان مشترکہ آپریشنل صلاحیت اور باہمی تعاون کو مزید بہتر بنانا تھا۔SLINEX-26 میں ہندوستان کی مقامی طور پر تیار کردہ اینٹی سب میرین وارفیئر کارویٹ آئی این ایس کاوارتی اور فلیٹ ٹینکر آئی این ایس جیوتی نے حصہ لیا۔ سری لنکا کی بحریہ کی جانب سے آف شور پیٹرول ویسل ایس ایل این ایس سندورالا مشق میں شامل ہوا۔
وزارت دفاع کے مطابق مشق نے دونوں بحری افواج کے اہلکاروں کو پیشہ ورانہ تجربات کے تبادلے۔ بہترین طریقہ کار سے واقفیت اور باہمی آپریشنل تعاون بہتر بنانے کے مواقع فراہم کیے۔مشق کے بندرگاہی مرحلے میں پیشہ ورانہ ملاقاتیں۔ ایک دوسرے کے جنگی جہازوں کا دورہ اور کھیلوں کی سرگرمیاں شامل تھیں۔ سمندری مرحلے میں مربوط بحری نقل و حرکت۔ فضائی آپریشنز۔ رات کے وقت سمندر میں رسد کی فراہمی اور اسپیشل فورسز کی مشقیں کی گئیں۔
ہندوستانی بحریہ کے مطابق ان مشقوں سے دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون اور آپریشنل رابطہ بہتر ہوا۔ اس کے ساتھ ہندوستان اور سری لنکا کے دیرینہ بحری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں بھی مدد ملی۔
وزارت دفاع نے کہا کہ SLINEX-26 ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان مضبوط بحری شراکت داری اور بحر ہند کے خطے کو محفوظ اور مستحکم بنانے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
وزارت کے مطابق یہ مشق ہندوستان کے MAHASAGAR وژن اور Neighbourhood First پالیسی کے تحت بحری تعاون۔ باہمی آپریشنل صلاحیت اور استعداد کار میں اضافے میں بھی معاون ہے۔
سالانہ SLINEX مشق خطے میں ہندوستان کے وسیع تر بحری سلامتی کے نقطہ نظر کا حصہ ہے۔ اس کے ذریعے بحری قزاقی کے خلاف مشترکہ کارروائیوں۔ میری ٹائم ڈومین آگاہی اور سمندری مواصلاتی راستوں کو کھلا اور محفوظ رکھنے کے لیے دونوں ممالک کی مشترکہ صلاحیت کو مضبوط بنانے پر توجہ دی جاتی ہے۔