نئی دہلی: اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے وزیر اشونی ویشنو نے ہفتہ کو کہا کہ تجارتی سطح پر پانچ سیمی کنڈکٹر یونٹس میں پیداوار شروع ہونے اور عالمی کمپنیوں کے نئے سرمایہ کاری کے لیے آگے آنے کے ساتھ ہندوستان کی چپ حکمت عملی پر ابتدائی سوالات اب اعتماد میں بدل رہے ہیں۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ ہندوستان کے نوجوانوں کی قیادت میں چلنے والے اسٹارٹ اپ ملک میں ہی کوالکوم اور انٹیل جیسی کمپنیاں قائم کریں گے۔ پی ٹی آئی-بھاشا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ویشنو نے کہا کہ کئی ممالک ہندوستان کو ایک قابلِ اعتماد شراکت دار کے طور پر دیکھتے ہیں۔
تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ سیمی کنڈکٹر صنعت اور گہری ٹیکنالوجی سے وابستہ اسٹارٹ اپس کو ممکنہ سائبر حملوں، مختلف خطرات اور ان عناصر کی جانب سے پیدا کی جانے والی رکاوٹوں سے محتاط رہنا ہوگا جو عالمی سیمی کنڈکٹر ویلیو چین میں ہندوستان کے ابھرنے میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے ہیں۔ ویشنو نے کہا کہ گزشتہ چار پانچ برسوں میں ہندوستان کی مینوفیکچرنگ صلاحیتوں کے بارے میں عالمی سطح پر سوچ میں بنیادی تبدیلی آئی ہے۔
ان کے مطابق ابتدا میں اٹھائے جانے والے سوالات اب بڑی حد تک ختم ہو گئے ہیں اور منصوبوں کی تعمیر سے لے کر تجرباتی پیداوار اور پھر بڑے پیمانے پر تجارتی پیداوار تک پہنچنے کے ساتھ ہندوستان پر اعتماد بڑھا ہے۔ اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے وزیر نے کہا کہ عالمی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسر اب ہندوستان میں سرمایہ کاری کی تیاری کر رہے ہیں اور کئی کمپنیاں مقامی شراکت داری اور اپنے پلانٹس کے لیے جگہ طے کرنے کے مرحلے میں ہیں۔
ویشنو نے بتایا کہ ایک کمپنی کے سی ای او نے ان سے بات چیت کے دوران کہا کہ اس کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ہندوستان میں سیمی کنڈکٹر منصوبوں کے لیے اتنی سرمایہ کاری کی منظوری دی ہے، جتنی ان کی ٹیم حقیقت میں خرچ کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’اس طرح کا ردعمل ہماری کوششوں کی پذیرائی ہے، لیکن میں اب بھی کہتا ہوں کہ یہ صرف پہلا قدم ہے۔ یہ ایک بنیاد ہے۔ ابھی بہت کچھ کیا جانا باقی ہے، کیونکہ سیمی کنڈکٹر جیسی مشکل اور پیچیدہ صنعت قائم کرنے کے لیے عزم، صبر اور ہر سطح پر باریک بینی سے کام کرنا ضروری ہے۔‘
‘ ویشنو نے کہا کہ سیمی کنڈکٹر کے شعبے میں ہندوستان کی طویل مدتی کامیابی صرف موجودہ مارکیٹ میں دستیاب مصنوعات پر توجہ دینے سے حاصل نہیں ہوگی، بلکہ اپنی الگ شناخت رکھنے والی مصنوعات تیار کرنے پر منحصر ہوگی۔ انہوں نے نوجوان اختراع کاروں سے اپیل کی کہ وہ اپنی ڈیزائن صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں، تاکہ مینوفیکچررز ہندوستانی سپلائی چین کو اختیار کرنے کے لیے راغب ہوں۔ انہوں نے کہا، ’’مجھے یقین ہے کہ آنے والے برسوں میں ہندوستان سے کوالکوم اور انٹیل جیسی کمپنیاں سامنے آئیں گی، کیونکہ نوجوان نسل اچھی مصنوعات تیار کرنے کی ذمہ داری سنبھالے گی۔‘‘
ویشنو کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب ہندوستان مضبوط سیمی کنڈکٹر ایکو سسٹم تیار کرنے کی وسیع کوششیں کر رہا ہے۔ اس میں صرف چپ مینوفیکچرنگ ہی نہیں بلکہ آلات، خام مال، پیکیجنگ، ڈیزائن اور سپلائی چین کی دیگر اہم کڑیوں پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ ’سیمیکون 2.0‘ پالیسی کے تحت حکومت چپ ڈیزائن سے لے کر چپ مینوفیکچرنگ، ٹیسٹنگ اور ہنرمند افرادی قوت کی تیاری تک مکمل سیمی کنڈکٹر ویلیو چین قائم کرنے کے لیے بڑے مالی مراعات، انجینئرنگ صلاحیتوں اور ہندوستان کی بڑی صارف مارکیٹ سے فائدہ اٹھا رہی ہے۔ حکومت کے مطابق ’سیمیکون 2.0‘ کے تحت سیمی کنڈکٹر شعبے میں تقریباً 11 سے 12 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی سامنے آئی ہے۔
ان منصوبوں کے اگلے دو سے تین برسوں میں عملی شکل اختیار کرنے کی امید ہے۔ ’سیمیکون انڈیا‘ پروگرام میں بھی اس دلچسپی کی جھلک دیکھنے کو ملی، جہاں ہندوستان کی چپ مینوفیکچرنگ صلاحیتوں کو پیش کیا گیا اور کئی بڑے سرمایہ کاری منصوبوں کا اعلان ہوا۔ ویشنو نے کہا کہ ’سیمیکون 2.0‘ کے اہم اہداف میں کم از کم تین بڑی عالمی آلات بنانے والی کمپنیوں اور تین بڑے خام مال فراہم کرنے والے اداروں کو ہندوستان میں اپنی یونٹس قائم کرنے کے لیے تیار کرنا اور مقامی چھوٹی، درمیانی اور مائیکرو صنعتوں کو جدید اور درست مینوفیکچرنگ سے جوڑنا شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ڈیزائن اور انسانی وسائل کی صلاحیت بڑھانے کے لیے حکومت کا ہدف 200 چپ ڈیزائن اسٹارٹ اپس کو وینچر کیپیٹل حاصل کرنے میں مدد دینا، ایک لاکھ ہنرمند ٹیکنیشنز کو تربیت دینا، چپ ڈیزائن سے لے کر مکمل سسٹم ڈیزائن تک یونیورسٹیوں کے نصاب کو جدید بنانا اور آخرکار ایک لاکھ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ ویشنو نے ’سیمیکون انڈیا‘ میں عالمی شراکت داری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تین روزہ پروگرام میں سیمی کنڈکٹر ویلیو چین سے وابستہ تقریباً 600 کمپنیوں نے شرکت کی۔ جنوبی کوریا، جاپان اور سنگاپور کی حکومتیں اپنی کمپنیوں کو ہندوستان میں ڈیزائن اور مینوفیکچرنگ یونٹس قائم کرنے کی ترغیب دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں پیداوار کرنے والی پانچ سیمی کنڈکٹر یونٹس عالمی سطح پر مسابقتی ہیں اور جاپان، یورپ اور امریکہ سمیت اہم بازاروں کو برآمد کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہندوستان بین الاقوامی معیار کے مطابق لاگت اور معیار والی چپس تیار کر سکتا ہے۔ ویشنو نے کہا، ’’یہ یقینی بنانا بہت اہم ہے کہ لاگت مسابقتی ہو اور معیار ایسا ہو کہ مصنوعات عالمی بازار میں اپنی جگہ بنا سکیں۔‘‘ انہوں نے عالمی سیمی کنڈکٹر شعبے میں ہندوستان کے ایک مسابقتی ملک کے طور پر ابھرنے کے درمیان صنعت اور گہری ٹیکنالوجی سے وابستہ اسٹارٹ اپس کو ممکنہ جغرافیائی سیاسی رکاوٹوں اور سائبر خطرات سے بھی محتاط رہنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے کہا، ’’ہمیں دوسرے فریقوں کی جانب سے آنے والے خطرات اور چیلنجز کے بارے میں محتاط رہنا چاہیے۔ اسی لیے میں نے پوری صنعت سے واضح طور پر کہا ہے کہ سائبر حملوں کے لیے تیار رہیں، کسی بھی دوسرے طرح کے خطرے کے لیے تیار رہیں اور ان ممالک کی جانب سے پیدا کی جانے والی کسی بھی رکاوٹ کے لیے تیار رہیں جو نہیں چاہتے کہ ہندوستان سیمی کنڈکٹر ویلیو چین میں آگے بڑھے۔‘‘ ویشنو نے کہا کہ حکومت نے صنعت کو ان خطرات کے بارے میں واضح طور پر آگاہ کر دیا ہے اور صنعت بھی ان خطرات سے واقف ہے اور اس سلسلے میں ضروری اقدامات کرے گی۔