پونے: نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے ہفتہ کے روز کہا کہ مختلف ثقافتوں کا خیرمقدم کرنے، ان کا احترام کرنے اور انہیں اپنانے میں ہی ہندوستان کی اصل طاقت پوشیدہ ہے۔ رادھا کرشنن پونے میں ’سمبایوسس انٹرنیشنل‘ (ڈییمڈ یونیورسٹی) کے 23ویں جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک کے طلبہ کو ڈگریاں حاصل کرتے اور اپنے ساتھ ہندوستانی مہمان نوازی، ثقافت، دوستی اور علم کے تبادلے کی یادیں لے کر جاتے دیکھنا ایک یادگار موقع ہے۔ اس موقع پر مہاراشٹر کے گورنر جشْنو دیو ورما اور اعلیٰ و تکنیکی تعلیم کے وزیر چندرکانت پاٹل بھی موجود تھے۔
نائب صدر نے کہا، ’’مختلف ممالک کے طلبہ کو اپنی اپنی روایات کے تنوع کا مظاہرہ کرنے اور ہندوستان کے ثقافتی ورثے کا جشن منانے کے لیے ایک ساتھ جمع ہوتے دیکھنا خوشی کی بات ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ سمبایوسس انٹرنیشنل نے گزشتہ چند برسوں میں بین الاقوامی ہم آہنگی، تعلیمی معیار اور جامع تعلیم کے تئیں ہندوستان کے عزم کی ایک نمایاں علامت کی حیثیت حاصل کرلی ہے۔ نائب صدر نے کہا کہ یہ جلسہ طلبہ کی لگن اور سخت محنت کا نتیجہ ہے۔ رادھا کرشنن نے ستمبر میں 38ویں پونے فیسٹیول میں شرکت کے لیے اپنے دورۂ پونے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران سمبایوسس کے غیر ملکی طلبہ کی ثقافتی پیشکش نے انہیں خصوصی طور پر متاثر کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ آج بھی اس پیشکش کو یاد کرتے ہیں۔ ان کے مطابق، کچھ طلبہ نے ان سے ملاقات بھی کی تھی اور پروگرام کے بارے میں گفتگو کی تھی۔ نائب صدر نے کہا، ’’اس طرح کے مواقع مختلف ثقافتوں کا خیرمقدم کرنے، ان کا احترام کرنے اور انہیں اپنانے کی ہندوستانی طاقت کو ظاہر کرتے ہیں۔‘‘ رادھا کرشنن نے سمبایوسس انٹرنیشنل کی ترقی کے کئی اہم مواقع پر اپنی شرکت کو بھی یاد کیا۔ ان میں مہاراشٹر کے گورنر کی حیثیت سے ان کے دور میں اسی کیمپس میں منعقدہ بین الاقوامی طلبہ کا جلسہ تقسیم اسناد بھی شامل ہے۔