کھڑگپور (مغربی بنگال): وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز کہا کہ ہندوستان نے گزشتہ 12 برسوں میں یہ ثابت کیا ہے کہ ملک اپنی سوچ کی حدود کو توڑ کر اپنی صلاحیتوں کو پہچان سکتا ہے، نئے مواقع پیدا کرسکتا ہے اور غریبوں کو بااختیار بنا سکتا ہے۔ وزیر اعظم نے ملک کے پہلے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) کھڑگپور کے پلاٹینم جوبلی (75 سالہ) جشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے ’’حدود کو توڑنے اور نئے امکانات کے دروازے کھولنے‘‘ کے اپنے عزم کا واضح اظہار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ملک کو اپنی صلاحیتوں کا احساس اسی وقت ہوتا ہے، جب وہ اپنی حدود کو توڑتا ہے اور نئے امکانات کے دروازے کھولتا ہے۔‘‘
وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ 12 برسوں کے دوران ان کی حکومت نے موجودہ حدود کو توڑنے اور غریبوں کو بااختیار بنانے کے لیے کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’پہلے لال قلعہ سے غربت ختم کرنے کی صرف باتیں کی جاتی تھیں، لیکن فائلیں تیار کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا جاتا تھا۔‘‘ مودی نے عالمی بینک کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ گزشتہ 12 سے 13 برسوں کے دوران تقریباً 50 کروڑ افراد غربت سے باہر نکلے ہیں۔ انہوں نے اسے ملک کے نقطۂ نظر اور سوچ میں آنے والی تبدیلی کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا، ’’ملک کو اپنی صلاحیتوں کا احساس اسی وقت ہوتا ہے، جب وہ سوچ کی حدود کو توڑتا ہے۔
گزشتہ چند برسوں میں ہندوستان نے یہی کرکے دکھایا ہے۔‘‘ وزیر اعظم نے کہا کہ مغربی بنگال ایسی سرزمین ہے، جہاں خیالات کو مضبوطی ملی اور قومی تحریکوں نے جنم لیا۔ انہوں نے بتایا کہ آئی آئی ٹی کھڑگپور اسی مقام پر واقع ہے، جہاں کبھی مجاہدین آزادی کو قید رکھنے کے لیے ایک کیمپ قائم تھا۔ انہوں نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ اس مقام پر قید رکھے گئے مجاہدین آزادی کی زندگی، نظریات اور سرگرمیوں سے تحریک حاصل کریں۔ وزیر اعظم نے طلبہ سے کہا، ’’تصور کیجیے کہ یہاں رہنے والے مجاہدین آزادی دن بھر کن موضوعات پر گفتگو کرتے ہوں گے اور کیا سوچتے ہوں گے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ان مجاہدین آزادی کے نظریات اور قربانیاں آج بھی نسل در نسل لوگوں کو تحریک فراہم کررہی ہیں۔
مودی نے کہا کہ اس ادارے نے اپنے قیام کے 75 سال مکمل کرلیے ہیں اور اس دوران کئی اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان دہائیوں میں ہندوستان میں بھی زبردست تبدیلی آئی ہے۔ ملک ’’بیل گاڑیوں سے بلٹ ٹرین تک اور ڈاک کے ذریعے بھیجے جانے والے خطوط سے سوشل میڈیا پیغامات تک‘‘ کا سفر طے کرچکا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جب ہندوستان ’ترقی یافتہ ہندوستان‘ کے ہدف کی جانب آگے بڑھ رہا ہے، ایسے میں آئی آئی ٹی کھڑگپور کا 75 سالہ تجربہ ملک کی ترقی اور اختراع کے شعبے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، تحقیق اور ٹیکنالوجی کی ترقی کے میدان میں اس ادارے کی خدمات ہندوستان کے مستقبل کی تشکیل میں انتہائی اہم ثابت ہوں گی۔