نئی دہلی: نائٹ فرینک انڈیا کی ایک تحقیق کے مطابق، ہندوستان میں ڈیٹا سینٹرز کی ترقی کے منصوبوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ 2026 کی تیسری سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) میں ملک کے 7 بڑے شہروں میں ڈیٹا سینٹرز کی مجوزہ تعداد 14.3 فیصد بڑھ کر 80 ہوگئی، جبکہ 2025 میں یہ تعداد 70 تھی۔ اس مجموعی تعداد میں ممبئی کا حصہ سب سے زیادہ 42.5 فیصد ہے۔ تحقیق سے ظاہر ہوتا ہے کہ اب ڈیٹا سینٹرز کے شعبے میں بڑے پیمانے کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے۔ 2026 کی تیسری سہ ماہی میں 50 میگاواٹ سے زیادہ بجلی کی صلاحیت والے ڈیٹا سینٹرز کا حصہ مجموعی ترقیاتی منصوبوں میں 55 فیصد تک پہنچ گیا،
جبکہ 2025 میں یہ تناسب 44.3 فیصد تھا۔ اس شعبے میں 100 میگاواٹ سے زیادہ صلاحیت والے مجوزہ ڈیٹا سینٹرز میں سب سے زیادہ 80 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ان کی تعداد 15 سے بڑھ کر 27 ہوگئی اور مجموعی منصوبوں میں ان کا حصہ 21.4 فیصد سے بڑھ کر 33.8 فیصد تک پہنچ گیا۔ دوسری طرف 50 سے 100 میگاواٹ صلاحیت والے ڈیٹا سینٹرز کی تعداد میں معمولی اضافہ ہوا اور یہ 16 سے بڑھ کر 17 ہوگئی، جو 6.3 فیصد اضافہ ہے۔ نائٹ فرینک انڈیا کے شعبہ آکیوپائر اسٹریٹجی اینڈ سولیوشنز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اور ہندوستان میں ڈیٹا سینٹر کاروبار کے سربراہ جوزف تلک نے کہا کہ ہندوستان میں ڈیٹا سینٹرز کا منظرنامہ تبدیل ہو رہا ہے۔
یہ تبدیلی نہ صرف زیر تعمیر اور مجوزہ مراکز کی تعداد میں اضافے سے ظاہر ہوتی ہے بلکہ منصوبہ بند بنیادی ڈھانچے کے حجم میں بھی نمایاں تبدیلی آرہی ہے۔ اس کے برعکس 50 میگاواٹ سے کم صلاحیت والے چھوٹے ڈیٹا سینٹرز کی تعداد اس مدت میں 39 سے گھٹ کر 36 رہ گئی۔ 10 سے 50 میگاواٹ صلاحیت والے مراکز کی تعداد 26 سے کم ہوکر 25 ہوگئی، یعنی 3.8 فیصد کمی آئی۔ اسی طرح 10 میگاواٹ سے کم صلاحیت والے ڈیٹا سینٹرز کی تعداد 13 سے گھٹ کر 11 رہ گئی، جو 15.4 فیصد کمی ہے۔ ممبئی اس شعبے میں بدستور سب سے اہم مقام پر ہے۔
یہاں ڈیٹا سینٹرز کے ترقیاتی منصوبوں میں 9.7 فیصد اضافہ ہوا اور ان کی تعداد 2025 کے 31 سے بڑھ کر 2026 کی تیسری سہ ماہی میں 34 ہوگئی۔ ان میں 18 مراکز 50 میگاواٹ سے زیادہ صلاحیت کے حامل ہیں، جبکہ 15 کی صلاحیت 100 میگاواٹ سے زیادہ ہے۔ حیدرآباد دوسرے بڑے مرکز کے طور پر ابھرا ہے۔ یہاں ڈیٹا سینٹرز کی مجوزہ تعداد 11 سے بڑھ کر 15 ہوگئی، جو 36.4 فیصد اضافہ ہے۔ حیدرآباد میں 100 میگاواٹ سے زیادہ صلاحیت والے مراکز کی تعداد بھی دوگنی ہوکر 4 سے 8 ہوگئی۔ اس طرح شہر کے مجموعی ترقیاتی منصوبوں میں 93.3 فیصد حصہ 50 میگاواٹ سے زیادہ صلاحیت والے ڈیٹا سینٹرز کا ہے۔ ممبئی اور حیدرآباد دونوں کو ملاکر ملک کے مجموعی ڈیٹا سینٹر ترقیاتی منصوبوں میں ان کا حصہ 61.3 فیصد ہے۔ جوزف تلک کے مطابق، بڑے ڈیٹا سینٹرز کی بڑھتی ہوئی تعداد اس شعبے میں تبدیلی کی نشاندہی کرتی ہے۔
ممبئی اپنی مرکزی حیثیت برقرار رکھے ہوئے ہے، جبکہ حیدرآباد بڑے ڈیٹا سینٹرز کے شعبے میں اپنی پوزیشن مضبوط کر رہا ہے۔ دیگر شہروں میں چنئی اور پونے دونوں میں ڈیٹا سینٹرز کے 9، 9 منصوبے سامنے آئے۔ چنئی میں 50 سے 100 میگاواٹ صلاحیت والے 5 اور 100 میگاواٹ سے زیادہ صلاحیت والے 2 مراکز شامل ہیں۔ اس کے برعکس پونے میں 10 میگاواٹ سے کم صلاحیت والے 7 اور 50 سے 100 میگاواٹ صلاحیت والے 2 مراکز کے منصوبے ہیں۔ بنگلورو اور نئی دہلی، دونوں شہروں میں ڈیٹا سینٹرز کے منصوبوں کی تعداد میں 25 فیصد اضافہ ہوا۔
یہاں ان کی تعداد 4 سے بڑھ کر 5 ہوگئی۔ دونوں شہروں میں 100 میگاواٹ سے زیادہ صلاحیت والے ایک، ایک ڈیٹا سینٹر کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ کولکاتا میں سب سے کم تعداد کے باوجود 50 فیصد اضافہ درج کیا گیا، جہاں ایسے مراکز کی تعداد 2 سے بڑھ کر 3 ہوگئی۔ جوزف تلک نے مزید کہا کہ جیسے جیسے ڈیٹا سینٹرز کا شعبہ ترقی کر رہا ہے، ویسے ویسے بنیادی ڈھانچے کی ضروریات کو بھی پورا کرنا ضروری ہوتا جا رہا ہے۔ خاص طور پر بجلی کی دستیابی، مواصلاتی رابطوں اور زمین کی ضرورت کے درمیان بہتر تال میل قائم کرنا ترقی کے اگلے مرحلے کے لیے انتہائی اہم ہوگا۔