آئیزول: شمال مشرقی ریاست میزورم میں 2025 کے دوران طبی طور پر تصدیق شدہ اموات میں سب سے زیادہ اموات سانس کی بیماریوں کے سبب ہوئیں۔ اس کے بعد نظامِ ہاضمہ کی بیماریاں اموات کی دوسری بڑی وجہ رہیں۔ یہ بات ریاست کے چیف رجسٹرار برائے پیدائش و اموات کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں سامنے آئی ہے۔
ریاست کے محکمہ اقتصادیات و شماریات کے ڈائریکٹوریٹ کے ایک پروگرام میں جاری ہونے والی ’’میڈیکل سرٹیفکیشن آف کازز آف ڈیتھ‘‘ (ایم سی سی ڈی) رپورٹ 2025 کے مطابق، اموات کی تیسری بڑی وجہ دورانِ خون کے نظام سے متعلق بیماریاں رہیں، جن کے باعث مجموعی اموات کا 13.7 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ چیف رجسٹرار برائے پیدائش و اموات کے ساتھ کمشنر اور سکریٹری کی ذمہ داریاں نبھانے والے وانلالدینا فانائی کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متعدی اور طفیلی بیماریاں اموات کی 12.2 فیصد، جب کہ رسولیوں اور کینسر کے باعث 11 فیصد اموات ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق، سانس کی بیماریوں کے سبب اموات کا تناسب 17.3 فیصد رہا، جب کہ نظامِ ہاضمہ کی بیماریوں سے 15 فیصد اموات درج کی گئیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2025 کے دوران میزورم میں سانس کی بیماریوں کے سبب کم از کم 721 افراد کی موت ہوئی، جن میں 268 خواتین شامل تھیں۔
اسی سال نظامِ ہاضمہ کی بیماریوں کے باعث 613 افراد نے جان گنوائی۔ ریاست میں 2025 کے دوران طبی طور پر تصدیق شدہ اموات کے کل 4,146 معاملات درج کیے گئے، جب کہ 2024 میں یہ تعداد 4,329 تھی۔ ضلع وار اعداد و شمار کے مطابق، آئیزول ضلع میں سب سے زیادہ 2,664 اموات درج کی گئیں۔ اس کے بعد لنگلی ضلع میں 350 اور کولاسِب ضلع میں 282 اموات ریکارڈ کی گئیں۔