ہندوستان میں کورونا کے ایک دن میں 332730 نئے کیسز، 2263 لقمہ اجل بن گیۓ

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 23-04-2021
ہندوستان میں کورونا کے ایک دن میں 332730 نئے کیسز
ہندوستان میں کورونا کے ایک دن میں 332730 نئے کیسز

 

 

نئی دہلی

کورونا وائرس کا قہر پوری شدت سے جاری ہے اور یومیہ کیسز کی تعداد لگاتار بڑھتی جا رہی ہے جبکہ اموات کی تعداد میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ جمعہ کے روز ملک میں لگاتار دوسرے دن کورونا کے تین لاکھ سے زیادہ کیسز سامنے آے ۔

مرکزی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 332730 نئے کورونا کے معاملے درج ہوئے، اس کے بعد ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 62 لاکھ کو پار کرتے ہوئے 16263695 تک پہنچ گئی ۔ اس دوران ملک بھر میں 2263 افراد کورونا سے ہلاک ہوئے - یہ ایک دن میں کورونا سےہونے والی اموات کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ اس کے ساتھ ہی ملک میں اس کورونا سے جان گنوانے والوں کی مجموعی تعداد 186920 ہو گئی ہے۔

ہندوستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں لگاتار ہو رہے اضافہ کے درمیان علاج کرا رہے مریضوں کی تعداد بھی لگاتار بڑھ رہی ہے اور کسی وقت صرف ایک لاکھ کے آس پاس پہنچ چکی فعال کیسز کی تعداد اس وقت 24 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

دوسری طرف ملک میں کورونا وائرس کے خلاف جاری ویکسینیشن مہم بھی تیزی سے جاری ہے اور دنیا میں سب سے تیز رفتار سے 10 کروڑ ویکسین ڈوز لگانے کا ریکارڈ قائم کر چکے ہندوستان میں جمعہ کی صبح جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق جمعرات کو ملک بھر میں کورونا وائرس ویکسین کی کل 3147782 ڈوز لگائی گئی ہیں، جنہیں ملا کر ملک بھر میں اب تک 135478420 لوگ کورونا ویکسین حاصل کر چکے ہیں۔