کولکاتا: ترنمول کانگریس کے رہنما ابھیشیک بنرجی کی رہائش گاہ کے باہر بلڈوزر کارروائی کے بعد مغربی بنگال کے وزیر دلیپ گھوش نے جمعہ کو کہا کہ ریاست میں ہر طرح کے غیر قانونی تجاوزات کو ہٹایا جا رہا ہے اور ابھیشیک بنرجی کو جان بوجھ کر نشانہ نہیں بنایا گیا ہے۔
دلیپ گھوش نے کولکاتا میں سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی کمی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کئی مقامات پر غیر قانونی تعمیرات منہدم کی جا رہی ہیں۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کولکاتا میں سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی کمی ہے۔ ایسے مقامات پر عمارتیں تعمیر کرنے سے عام لوگوں کو آمد و رفت میں دشواری ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کارروائی صرف ایک جگہ نہیں بلکہ مختلف مقامات پر کی جا رہی ہے اور غیر قانونی تعمیرات ہٹائی جا رہی ہیں۔
اس سے قبل جمعرات کی صبح کولکاتا میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) کے اہلکار بلڈوزر لے کر ترنمول کانگریس کے جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی کی کالی گھاٹ واقع رہائش گاہ کے قریب پہنچے اور ان کے مکان کے سامنے بانس سے بنے ایک عارضی ڈھانچے کو منہدم کر دیا۔
یہ ڈھانچہ فٹ پاتھ پر قائم تھا۔ شہری انتظامیہ کے اہلکاروں کے مطابق اس کی وجہ سے فٹ پاتھ استعمال کرنے والے مقامی لوگوں کو آمد و رفت میں پریشانی ہو رہی تھی۔ کارروائی سے قبل بنرجی کی رہائش گاہ کے باہر مرکزی فورسز کی بڑی تعداد تعینات کی گئی تھی۔
یہ کارروائی ابھیشیک بنرجی کی 39ویں سالگرہ کے موقع پر ان کی رہائش گاہ کے باہر بھارتیہ جنتا پارٹی اور ترنمول کانگریس کے کارکنوں کے درمیان رات گئے ہونے والی جھڑپوں کے چند روز بعد کی گئی۔
اپنی رہائش گاہ کے باہر بلڈوزر کارروائی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ابھیشیک بنرجی نے کہا کہ انہیں اس کارروائی کی کوئی پروا نہیں اور نہ ہی نام نہاد بلڈوزر سیاست انہیں خوف زدہ کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنا ہی کچرا صاف کیا ہے۔ مجھے اس کی کوئی فکر نہیں۔ اگر وہ مجھے بلڈوزر سے گرانے کی کوشش کرتے ہیں اور بلڈوزر کی سیاست کرتے ہیں تو بھی مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
بنرجی نے اپنی رہائش گاہ کے باہر عارضی ڈھانچے کو بلڈوزر سے ہٹائے جانے کے بعد الیکشن کمیشن میں شکایت بھی درج کرائی ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ 6 اور 7 نومبر کی درمیانی شب کچھ افراد کے ایک گروہ نے ان کی رہائش گاہ اور دفتر پر حملہ کیا۔ ان کے مطابق 10 اور 11 نومبر کو بھی اسی نوعیت کی نگرانی اور علاقے کی جانچ پڑتال کی گئی۔ بنرجی نے ان واقعات کو اپنی رہائش گاہ اور دفتر کو نشانہ بنانے والی سرگرمیوں کا ایک تشویش ناک سلسلہ قرار دیا۔