نئی دہلی: دہلی کی ایک عدالت نے بیوی کے غیر ازدواجی تعلقات کے شبہ میں اس کا گلا گھونٹ کر قتل کرنے والے 24 سالہ شخص کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ پولیس نے ہفتہ کے روز یہ اطلاع دی۔ پولیس کے مطابق، کڑکڑڈوما عدالت کے پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پون کمار مٹو نے 19 نومبر کو ملزم امن کو سخت عمر قید کی سزا سنائی اور اس پر 10 ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا۔
عدالت نے شاہدرہ ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی (ڈی ایل ایس اے) کو ہدایت دی کہ جوڑے کی نابالغ بیٹی کو مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے۔ بچی فی الحال اپنی نانی کے ساتھ رہ رہی ہے۔ یہ واقعہ 25 فروری 2025 کا ہے، جب امن ہرش وہار پولیس اسٹیشن پہنچا اور وہاں تعینات ڈیوٹی افسر کو بتایا کہ اس نے نند نگری میں واقع اپنے گھر میں بیوی کا قتل کردیا ہے۔ نند نگری تھانے کی پولیس ٹیم نے امن کو حراست میں لینے کے بعد جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔
خاتون کو گرو تیغ بہادر (جی ٹی بی) اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ اس معاملے میں بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ 103(1) کے تحت قتل کا مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ جوڑے کی شادی نومبر 2023 میں ہوئی تھی اور دونوں کے درمیان اکثر جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔ امن کو شبہ تھا کہ اس کی بیوی کے کسی دوسرے شخص کے ساتھ تعلقات ہیں۔
پولیس کے مطابق، اسی شبہ کی وجہ سے اس نے غصے میں آکر بیوی کا گلا گھونٹ کر اسے قتل کردیا۔ تحقیقاتی ٹیم نے سائنسی، فرانزک اور طبی شواہد جمع کرنے کے بعد عدالت میں چارج شیٹ داخل کی تھی۔ عدالت نے 27 اکتوبر 2026 کو امن کو قصوروار قرار دیا تھا۔ عدالت نے ملزم کو عمر قید کی سزا سنانے کے ساتھ 10 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں اسے مزید تین ماہ کی سادہ قید بھگتنی ہوگی۔