شیخ ابوبکر احمد کو ینپویا یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 29-10-2026
شیخ ابوبکر احمد کو ینپویا یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری
شیخ ابوبکر احمد کو ینپویا یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری

 



کالی کٹ: عبدالکریم امجدی کی اطلاع کے مطابق شیخ ابوبکر کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری تفویض ہوئی ہے۔ منگلورو کی ینپویا یونیورسٹی نے ممتاز عالمی اسلامی اسکالر، گرانڈ مفتی آف انڈیا اور مرکز الثقافۃ السنیہ کے بانی شیخ ابوبکر احمد کو تعلیم، سماجی بہبود اور انسانی خدمت کے میدان میں ہندوستان اور بیرونِ ملک چھ دہائیوں پر محیط نمایاں خدمات کے اعتراف میں اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازا ہے۔

یہ اعزازی ڈگری ڈاکٹر آف لیٹرز (D.Litt.) یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر ینپویا عبداللہ کنہی نے منگلورو کے درالکَٹّے میں واقع یونیورسٹی کیمپس میں منعقدہ ایک پُروقار تقریب میں پیش کی۔یونیورسٹی نے شیخ ابوبکر احمد کو ہندوستان کے گرینڈ مفتی اور آل انڈیا سنی جمعیۃ العلماء کے قائد کی حیثیت سے ان کی گراں قدر خدمات پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تعلیم، سماجی بہبود، امن و آشتی، باہمی ہم آہنگی اور قومی تعمیر کے شعبوں میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور اپنی خدمات کے ذریعے بے شمار افراد کی رہنمائی کی ہے۔

ڈگری پیش کرتے ہوئے یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر ینپویا عبداللہ کنہی نے کہا کہ تعلیم کو عام کرنے اور ذمہ دار، ہمدرد اور سماجی شعور سے آراستہ شہریوں کی تربیت کے لیے شیخ ابوبکر احمد کی خدمات نہایت قابلِ قدر ہیں۔ انہوں نے تعلیم اور انسانی فلاح و بہبود کے مختلف میدانوں میں ان کی غیر معمولی جدوجہد کو بھی سراہا۔اعزاز قبول کرتے ہوئے شیخ ابوبکر احمد نے کہا کہ تعلیم اور سماجی بہبود کے تئیں ان کی وابستگی اسلامی تعلیمات سے ماخوذ ہے، کیونکہ اسلام انسانی کردار کی اصلاح اور معاشرے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے تعلیم کو بنیادی اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے مرکز سمیت مختلف تعلیمی مراکز کے قیام کو اللہ تعالیٰ کے عظیم فضل و کرم اور برکتوں کا نتیجہ قرار دیا۔یہ تقریب یونیورسٹی کے سولہویں کانووکیشن کے ضمن میں سہ پہر تین بجے یَن ڈورنس ہال میں منعقد ہوئی، جس میں تعلیمی، سماجی اور سیاسی حلقوں کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔تقریب میں وائس چانسلر ڈاکٹر کے۔ ایس۔ گنگادھر سومیاجی، رجسٹرار ڈاکٹر اشونی دت، پرو چانسلرز ڈاکٹر وجے کمار اور ڈاکٹر محمد فرہاد ینپویا، کنٹرولر آف ایگزامینیشنز ڈاکٹر بی۔ ٹی۔ نندیش، اسلامک اکیڈمی آف ایجوکیشن کے ٹرسٹی ڈاکٹر حبیب الرحمن اور جامعہ مرکز کے پرو چانسلر ڈاکٹر حسین ثقافی سمیت دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔