نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد مرکزی حکومت کی جانب سے کرتارپور صاحب راہداری بند کرنے کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی عرضی پر بدھ کے روز مداخلت کرنے سے انکار کر دیا۔ یہ راہداری پاکستان میں واقع گوردوارہ دربار صاحب کو پنجاب کے ضلع گرداس پور میں واقع ڈیرہ بابا نانک گوردوارے سے جوڑتی ہے۔ گوردوارہ دربار صاحب سکھ مذہب کے بانی گرو نانک دیو کی آخری آرام گاہ ہے۔
اسے 7 مئی 2025 سے بند کر دیا گیا ہے۔ قائم مقام چیف جسٹس نتن واسودیو سامبرے اور جسٹس سنجے شرما پر مشتمل بنچ نے کہا کہ عدالت حکومت کے پالیسی فیصلے میں مداخلت نہیں کر سکتی۔ بنچ نے کہا، ’’ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اس راہداری کا آغاز سکھ عقیدت مندوں کے مذہبی جذبات کا احترام کرنے اور انہیں فروغ دینے کے مقصد سے کیا گیا تھا۔ تاہم، ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستانی حکومت نے 7 مئی 2025 سے شری کرتارپور صاحب راہداری کی خدمات معطل کرنے کا پالیسی فیصلہ کیا تھا۔ یہ فیصلہ ہندوستانی حکومت نے اپنے شہریوں کے مفاد میں کیا ہے۔‘‘
عدالت نے مزید کہا، ’’مذکورہ پالیسی فیصلے کو دیکھتے ہوئے ہمیں کوئی ایسی وجہ نظر نہیں آتی کہ اپنے غیر معمولی آئینی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اس معاملے میں مداخلت کی جائے۔‘‘ تاہم، بنچ نے امید ظاہر کی کہ حکومت اس کے سامنے زیر التوا عرضی پر غور کرے گی۔ عدالت نے کہا کہ مذکورہ رعایت کے ساتھ عرضی نمٹائی جاتی ہے۔ یہ حکم غیر سرکاری تنظیم (این جی او) ’پاردرشتا پبلک ویلفیئر فاؤنڈیشن‘ کی جانب سے دائر مفاد عامہ کی عرضی پر دیا گیا۔ تنظیم نے مطالبہ کیا تھا کہ پاکستان کے شہر کرتارپور میں واقع گوردوارہ دربار صاحب میں سکھ عقیدت مندوں کو حاضری دینے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے کرتارپور صاحب راہداری دوبارہ کھولی جائے۔