گریٹر نوئیڈا: ایک ہی خاندان کے 5 افراد پراسرار حالات میں مردہ پائے گئے

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 17-10-2026
گریٹر نوئیڈا: ایک ہی خاندان کے 5 افراد پراسرار حالات میں مردہ پائے گئے
گریٹر نوئیڈا: ایک ہی خاندان کے 5 افراد پراسرار حالات میں مردہ پائے گئے

 



گریٹر نوئیڈا: اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد پراسرار حالات میں مردہ پائے گئے ہیں۔ مرنے والوں میں شوہر اور بیوی کے علاوہ ان کے 3 بچے بھی شامل ہیں۔ پولیس نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی۔حکام کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کی رات پیش آیا۔ اطلاع ملنے کے بعد پولیس اور فرانزک ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کر دیں۔

گریٹر نوئیڈا کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس شراون کمار سنگھ نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ یہ واقعہ ربوپورہ پولیس اسٹیشن کے دائرہ اختیار میں پیش آیا۔ پانچوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے تاکہ موت کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ربوپورہ میں ایک انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک شوہر اور بیوی سمیت ان کے 3 بچوں کی موت ہوگئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ایمبولینس بھی طلب کی گئی۔ فرانزک ٹیم سمیت دیگر محکمے سائنسی بنیادوں پر واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

پولیس افسر کے مطابق خاندان کے افراد نے رات تقریباً 10 سے 10:30 بجے کے درمیان کھانا کھایا تھا اور اس کے بعد سو گئے تھے۔ ہفتہ کی صبح جب امتحان دینے کے لیے ایک بچہ نہیں اٹھا تو واقعے کا انکشاف ہوا۔انہوں نے کہا کہ پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ خاندان کے افراد نے کیا کھایا تھا۔ تفصیلی تحقیقات کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آنے کے بعد موت کی اصل وجہ اور واقعے کے حالات واضح ہو سکیں گے۔

دوسری جانب پڑوسیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ خاندان میں جائیداد کے معاملے پر گھریلو تنازعات جاری تھے۔ ان کے مطابق متوفی کی والدہ نے خاندان کو گھر سے نکالنے اور جائیداد اپنی بیٹی کے نام منتقل کرنے کی دھمکی دی تھی۔پڑوسیوں کا دعویٰ ہے کہ جائیداد پہلے ہی بیٹی کے نام منتقل کی جا چکی تھی اور خاندان کو گھر چھوڑنے کے لیے کہا گیا تھا۔ ان کے مطابق گھر میں اکثر جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔

پڑوسیوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ میلے سے واپس آنے کے بعد متوفی کی والدہ نے میگی تیار کرکے خاندان کو کھلائی تھی۔تاہم پولیس نے ابھی تک ان الزامات کی تصدیق نہیں کی ہے اور نہ ہی موت کی وجہ سامنے آئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام ممکنہ وجوہات کی جانچ کی جا رہی ہے۔