سرینگر کے تاریخی لال چوک میں دیوالی کی شاندار تقریبات، گھنٹہ گھر روشنیوں سے جگمگا اٹھا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 09-11-2026
سرینگر کے تاریخی لال چوک میں دیوالی کی شاندار تقریبات، گھنٹہ گھر روشنیوں سے جگمگا اٹھا
سرینگر کے تاریخی لال چوک میں دیوالی کی شاندار تقریبات، گھنٹہ گھر روشنیوں سے جگمگا اٹھا

 



 سرینگر (جموں و کشمیر): دیوالی کے موقع پر اتوار کو سرینگر کے تاریخی لال چوک میں جشن کا ماحول دیکھنے کو ملا، جہاں بڑی تعداد میں لوگوں نے مشہور گھنٹہ گھر کے مقام پر جمع ہوکر روشنیوں کا تہوار منایا۔

لال چوک کے گھنٹہ گھر کو رنگ برنگی روشنیوں سے خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا تھا، جس نے تقریب کی رونق میں مزید اضافہ کردیا۔ بڑی تعداد میں مقامی لوگوں اور سیاحوں نے تقریبات میں شرکت کی اور خوشی و مسرت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر علاقے میں دیے بھی روشن کیے گئے، جس سے جشن کا منظر مزید دلکش ہوگیا۔

گجرات سے آئے ایک سیاح نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ لال چوک میں دیوالی مناکر بہت خوش ہیں۔ ان کے مطابق، سرینگر میں یہ ان کی پہلی دیوالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفاد کے لیے یہاں لوگوں کو کام کرتے دیکھ کر انہیں خوشی محسوس ہوتی ہے۔

نئی دہلی سے آئے ایک دوسرے سیاح نے بھی علاقے کے پُرامن ماحول پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پہلی مرتبہ کشمیر آئے ہیں اور یہاں کا ماحول بہت خوشگوار ہے۔ ان کے بقول، کشمیر میں کافی تبدیلی آئی ہے اور وہ دیکھ کر خوش ہیں کہ یہاں کے لوگوں کے لیے بہت کچھ کیا جا رہا ہے۔وادی کے دیگر علاقوں میں بھی دیوالی کی تقریبات منعقد ہوئیں، جن میں لوگوں نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔

ایل او سی پر فوجی جوانوں نے بھی منائی دیوالی

دوسری جانب، اپنے اہل خانہ سے دور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر تعینات ہندوستانی فوج کے جوانوں نے بھی دیوالی منائی۔ انہوں نے چراغ روشن کیے، مذہبی پوجا کی اور ملک کے امن، خوش حالی اور سلامتی کے لیے دعائیں کیں۔

ملک بھر میں جہاں لوگ اپنے اہل خانہ اور عزیزوں کے ساتھ دیوالی کی خوشیاں منا رہے تھے، وہیں کشمیر میں ایل او سی پر تعینات فوجی اہلکاروں نے اپنی یونٹوں میں رہتے ہوئے یہ تہوار منایا۔

فوجی جوانوں کی یہ تقریبات روشنیوں کے تہوار کی روایتی روح اور سرحد پر اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے اجتماعی طور پر خوشیاں منانے کے جذبے کی عکاس تھیں۔