سری نگر: وادی کشمیر کے کئی علاقوں میں دھان کی کاشت اور فصل کی کٹائی کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔ رواں سیزن میں چاول کی اچھی پیداوار ریکارڈ کیے جانے پر کسانوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ دھان کی کاشت وادی کشمیر کی اہم زرعی سرگرمیوں میں شامل ہے اور اس سے ہزاروں کسان خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے۔
زراعت اور اس سے منسلک سرگرمیاں کشمیر کی دیہی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، جبکہ چاول کی پیداوار خطے کی غذائی ضروریات پوری کرنے میں بھی نمایاں اہمیت رکھتی ہے۔ فصل کی کٹائی کا سیزن مکمل ہونے کے بعد کسانوں نے پیداوار پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انہیں امید ہے کہ حکومت کی مسلسل معاونت اور زرعی سہولیات میں بہتری سے وادی میں دھان کی پیداوار مزید مستحکم ہوگی۔
محکمہ زراعت کی جانب سے مختلف سرکاری اسکیموں اور پروگراموں کے ذریعے دھان کی کاشت کو فروغ دینے اور چاول کی پیداوار بڑھانے کے لیے متعدد اقدامات کیے جارہے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد جدید زرعی طریقوں کو فروغ دینا، فصلوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنا، کسانوں کو بہتر زرعی سہولیات فراہم کرنا اور ان کی آمدنی میں بہتری لانا ہے۔
محکمہ زراعت نے کسانوں کو دستیاب سرکاری اسکیموں اور مراعات سے فائدہ اٹھانے کی بھی ترغیب دی ہے تاکہ زرعی پیداوار میں مزید اضافہ ہوسکے۔ کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مختلف اسکیموں، اہلیت کے معیار اور دستیاب مالی و دیگر معاونت سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے اپنے قریبی محکمہ زراعت کے دفتر سے رابطہ کریں۔