احمد آباد: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے پیر کے روز کہا کہ عوام کے فعال تعاون کے بغیر صرف حکومتوں کی کوششوں سے منشیات کے مسئلے کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ خصوصی ہیلپ لائن نمبروں کے ذریعے منشیات کے استعمال اور خرید و فروخت کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔ امت شاہ نے یہاں 1024 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کرنے کے بعد ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے 31 دسمبر 2029 کی آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے، لیکن گجرات کو یہ ہدف 31 دسمبر 2028 تک ہی حاصل کرلینا چاہیے۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا، ’’منشیات کا استعمال ہمارے نوجوانوں اور آنے والی نسلوں کو اندر سے کھوکھلا کر دیتا ہے۔ یہ نوجوانوں کے دماغ، جسم، سوچنے سمجھنے کی صلاحیت اور حواس کو نقصان پہنچا کر ملک کے مستقبل کو کمزور کرتا ہے۔ اس کے علاوہ منشیات کے کاروبار سے حاصل ہونے والی آمدنی کا استعمال ملک میں دہشت گردی کو فروغ دینے کے لیے کیا جاتا ہے۔‘‘ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ منشیات کی خرید و فروخت کے واقعات کی اطلاع حکام کو دیں۔ شاہ نے کہا کہ حکومت ملک کو نکسل ازم سے آزاد کرانے میں کامیاب رہی ہے، لیکن اب بھی اسے خاموش بیٹھنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہمارا ہدف 31 دسمبر 2029 تک ہندوستان کو منشیات سے پاک بنانا ہے۔
چونکہ وزیر اعظم نریندر مودی اور میں، دونوں گجرات سے تعلق رکھتے ہیں، اس لیے ہمیں 2029 تک انتظار کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ گجرات کو 31 دسمبر 2028 سے بہت پہلے منشیات سے پاک بنائیں۔‘‘ امت شاہ نے زور دیا کہ ملک کو منشیات سے پاک بنانا پورے معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر استاد کو چوکس رہنا چاہیے اور اگر کسی طالب علم کے رویے میں تبدیلی نظر آئے تو اس کی اطلاع دینی چاہیے۔ ایسی تبدیلیوں میں آنکھوں کا سرخ ہونا، کلاس میں سونا یا پڑھائی میں توجہ نہ دے پانا شامل ہیں۔
اساتذہ کو یہ بھی یقینی بنانا چاہیے کہ ایسے طلبہ کی جانچ کرائی جائے۔ والدین کو بھی چاہیے کہ وہ نوعمر بچوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔ شاہ نے کہا، ’’شہریوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے آس پاس منشیات کے استعمال یا فروخت کا کوئی بھی معاملہ دیکھیں تو ٹول فری نمبر پر فون کرکے اس کی اطلاع دیں۔ یقین رکھیں کہ آپ کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی۔ منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور انہیں جیل بھیجا جائے گا۔‘‘ انہوں نے احمد آباد کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ منشیات کے استعمال سے متعلق اطلاعات دینے کے لیے ریاستی حکومت کے خصوصی کنٹرول روم کی سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔ یہ کنٹرول روم یکم دسمبر سے گجرات میں کام شروع کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ منشیات کی لت میں مبتلا افراد کو اس عادت سے چھٹکارا دلانے کے لیے بازآبادکاری مراکز بھی قائم کیے جائیں گے۔
امت شاہ نے کہا، ’’ہم نے کالی چودس کے مبارک دن اس مہم کا آغاز کیا ہے۔ منشیات سے پاک ہندوستان کا ہدف حاصل کرنے سے پہلے ہمیں احمد آباد اور گجرات کو منشیات سے پاک بنانے سے شروعات کرنی ہوگی۔‘‘ اس موقع پر شاہ نے اپنے پارلیمانی حلقے گاندھی نگر میں احمد آباد میونسپل کارپوریشن کے شہری سہولتوں اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ تقریب کے دوران سرکاری فلاحی اسکیموں کے تحت مکانات الاٹ کرنے کے لیے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی بھی کی گئی اور شجرکاری مہم چلائی گئی۔
اس موقع پر گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل اور احمد آباد کے میئر ہتیش باروٹ سمیت کئی اہم شخصیات موجود تھیں۔ منشیات کے خلاف مہم سے متعلق یہ اعلانات ہفتے کے روز احمد آباد میں امت شاہ کی صدارت میں منعقدہ امن و قانون کی صورت حال سے متعلق اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کے بعد کیے گئے ہیں۔ اس میٹنگ میں انہوں نے متعلقہ ایجنسیوں کو منشیات کے خلاف سخت کارروائی کے منصوبے تیار کرنے اور کنٹرول روم کی سہولت کو وسعت دینے کی ہدایت دی تھی۔