گنگولی: دہلی کیپٹلز کی کوچنگ میں مفادات کا ٹکراؤ نہیں

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 07-10-2026
گنگولی: دہلی کیپٹلز کی کوچنگ میں مفادات کا ٹکراؤ نہیں
گنگولی: دہلی کیپٹلز کی کوچنگ میں مفادات کا ٹکراؤ نہیں

 



نئی دہلی: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی نے کہا ہے کہ دہلی کیپٹلز کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سنبھالنے کے باوجود بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن (سی اے بی) کے صدر کے عہدے پر برقرار رہنے میں مفادات کا کوئی ٹکراؤ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ان کے پاس بی سی سی آئی کے لوک پال کا حکم موجود ہے۔

گنگولی پہلی مرتبہ کسی آئی پی ایل ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ وہ دہلی کیپٹلز میں ہیمنگ بدانی کی جگہ لیں گے اور 2027 کے سیزن میں ٹیم کی رہنمائی کریں گے۔ گنگولی 2019 سے دہلی کیپٹلز سے وابستہ ہیں۔ اس دوران وہ مردوں اور خواتین دونوں ٹیموں کے لیے کرکٹ ڈائریکٹر سمیت مختلف ذمہ داریاں ادا کرچکے ہیں، تاہم آئی پی ایل فرنچائز کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے یہ ان کی پہلی ذمہ داری ہوگی۔

گنگولی نے منگل کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’دہلی کیپٹلز اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ میں اس ذمہ داری کو لے کر بہت پرجوش ہوں۔‘‘ انہوں نے یہ بات سالٹ لیک اسٹیڈیم میں ہندوستانی فٹ بال ٹیم کی یوراگوئے کے خلاف فیفا بین الاقوامی دوستانہ میچ میں 1-6 سے شکست کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ جب گنگولی سے دہلی کیپٹلز کے ہیڈ کوچ اور سی اے بی کے صدر کی بیک وقت ذمہ داری سنبھالنے سے پیدا ہونے والے ممکنہ مفادات کے ٹکراؤ کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا، ’’میرے پاس لوک پال کا حکم موجود ہے۔‘‘

گنگولی نے ہندوستانی فٹ بال ٹیم کے کسی مضبوط بین الاقوامی حریف کے خلاف کھیلنے کے فیصلے کی بھی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے مقابلوں سے ملک کے فٹ بال کھلاڑیوں کو سیکھنے اور اپنی صلاحیت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا، ’’یہ ایک اچھی پہل ہے اور کھلاڑی اسی طرح سیکھیں گے۔ ترقی راتوں رات نہیں ہوتی۔ آپ ایک اچھی ٹیم کے خلاف کھیل کر ہی بہتر بنتے ہیں۔‘‘