نئی دہلی:۔ ہندوستان کی صدر دروپدی مرمو نے جمعہ کو کہا کہ مرکز اور ریاستی حکومت کی مشترکہ کوششوں سے چھتیس گڑھ نکسل واد کے خطرے سے آزاد ہوکر اب تیزی سے ترقی کی راہ پر آگے بڑھ رہا ہے۔ صدر مرمو نے بستر ضلع کے صدر مقام جگدل پور کے لال باغ میدان میں منعقدہ ’’بستر دسہرا‘‘ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی نوجوان ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے سفر میں سرگرمی سے حصہ لیں گے۔
انہوں نے درختوں اور پودوں کو ’’زندہ دیوتا‘‘ قرار دیتے ہوئے لوگوں سے جنگلات کی حفاظت کرنے اور زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ درخت اور پودے زندگی کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری چیزیں فراہم کرتے ہیں۔ صدر مرمو نے کہا، ’’چھتیس گڑھ طویل عرصے تک نکسل واد کے مسئلے سے دوچار رہا۔ مرکز اور ریاست کی مشترکہ کوششوں سے چھتیس گڑھ کو نکسل واد کے خطرے سے آزاد کیا گیا ہے اور اب یہ تیزی سے ترقی کی راہ پر آگے بڑھ رہا ہے۔‘‘