نئی دہلی: چار منزلہ عمارت منہدم، راحت رسانی کا کام جاری

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
نئی دہلی:  چار منزلہ عمارت منہدم، راحت رسانی کا کام جاری
نئی دہلی: چار منزلہ عمارت منہدم، راحت رسانی کا کام جاری

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

قومی دارالحکومت نئی دہلی کے سبزی منڈی علاقے میں چار منزلہ عمارت منہدم ہوگئی ہے۔

دہلی پولیس کے مطابق ملبے میں کئی لوگوں کے دبے ہونے کی خبر ہے جب کہ ایک شخص کو ملبے سے نکال کر ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق دہلی کے شمال مغربی ضلع کے سبزی منڈی میں چار منزلہ خستہ حال عمارت منہدم ہوگئی۔ جس میں اب تک دو افراد کے دبے ہونے کی اطلاع ہے۔

پولیس اور ریسکیو ٹیم موقع پر موجود ہے۔ فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ صبح تقریباً 12 بجے انہیں اطلاع موصول ہوئی کہ ایک پرانی خستہ حال عمارت منہدم ہوگئی ہے جس کے بعد فائر بریگیڈ اور پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو باہر نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ خطرناک عمارتوں کے سروے میں اس سال شمالی ایم سی ڈی کے عہدیداروں نے صرف 424 عمارتوں کو خطرناک قرار دیا ہے جو کہ اپنے آپ میں بہت حیران کن ہے۔

 اس سے قبل رکشا بندھن تہوار کے دن وزیر پور انڈسٹریل ایریا میں بھی ایسا ہی ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تھا جہاں ایک فیکٹری کی عمارت کا کچھ حصہ گرنے سے ایک مزدور کی موت ہو گئی تھی۔

 یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ نارتھ ایم سی ڈی کے تحت ایک خطرناک عمارت کے اچانک منہدم ہونے کی وجہ سے لوگوں کو شدید چوٹیں آئیں یا ان کی موت ہو گئی۔

پچھلے کئی سالوں سے ہر سال دہلی میں بہت سی عمارتیں خاص طور پر نارتھ ایم سی ڈی کے علاقے میں برسات کے موسم میں منہدم ہو جاتی ہیں لیکن اس کے باوجود کارپوریشن کی جانب سے زمینی سطح پر کوئی سخت اقدامات نہیں کیے گئے تاکہ ایسے واقعات کو روکا جا سکے۔