جموں و کشمیر :تمام مقامی دہشت گردوں کے خاتمے کے بعد 65 غیر ملکی دہشت گردوں کی تلاش تیز

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 25-11-2026
جموں و کشمیر :تمام مقامی دہشت گردوں کے خاتمے کے بعد 65 غیر ملکی دہشت گردوں کی تلاش تیز
جموں و کشمیر :تمام مقامی دہشت گردوں کے خاتمے کے بعد 65 غیر ملکی دہشت گردوں کی تلاش تیز

 



نئی دہلی: جموں و کشمیر میں سرگرم آخری مقامی دہشت گرد لطیف بھٹ کی ہلاکت کے چند روز بعد سکیورٹی فورسز نے خطے میں موجود تقریباً 65 پاکستانی دہشت گردوں کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کردی ہے۔ سکیورٹی اداروں کے ذرائع کے مطابق یہ دہشت گرد لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) جیش محمد (جے ای ایم) اور دیگر ممنوعہ دہشت گرد تنظیموں سے وابستہ ہیں۔

سکیورٹی اداروں کے حکام نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ ان 65 پاکستانی دہشت گردوں کی موجودگی کی تصدیق مختلف خفیہ ایجنسیوں نے کی ہے اور یہ کافی عرصے سے سکیورٹی اداروں کے ریڈار پر ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ان میں سے زیادہ تر کا تعلق لشکر طیبہ اور جیش محمد سے ہے۔

حکام کے مطابق 65 غیر ملکی دہشت گردوں میں سے 35 لشکر طیبہ اور 25 جیش محمد سے وابستہ ہیں جبکہ باقی دیگر ممنوعہ دہشت گرد تنظیموں سے تعلق رکھتے ہیں۔ پاکستان میں قائم ان تنظیموں بالخصوص جیش محمد اور لشکر طیبہ پر 2001 میں ہندوستانی پارلیمنٹ پر حملے 2016 کے اڑی حملے اور 2019 کے پلوامہ حملے سمیت کئی بڑے حملوں میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔ یہ تنظیمیں سرحد پار سے لاجسٹک مدد حاصل کرتی ہیں اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے مختلف راستوں سے دراندازی کرتی ہیں۔

تازہ خفیہ اطلاعات کے بعد جموں و کشمیر میں اب کوئی مقامی دہشت گرد سرگرم فہرست میں شامل نہیں ہے۔ وادی کشمیر میں لشکر طیبہ سے وابستہ آخری معلوم سرگرم مقامی دہشت گرد لطیف بھٹ کو 18 نومبر کو ضلع کولگام میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ ایک تصادم میں ہلاک کردیا گیا تھا۔ اس سے قبل 8 روز تک ان کی تلاش کے لیے آپریشن جاری رہا تھا۔

حکام کے مطابق مرکز کے زیر انتظام علاقے میں سرگرم دہشت گردوں کی تخمینی تعداد 2024 میں 91 تھی جس میں مقامی اور غیر ملکی دونوں طرح کے دہشت گرد شامل تھے۔ اب یہ تعداد کم ہوکر تقریباً 65 رہ گئی ہے اور اس میں صرف پاکستانی دہشت گرد شامل ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ مقامی دہشت گردوں کی عدم موجودگی نے کشمیر کی سکیورٹی صورتحال کو تبدیل کردیا ہے۔ تاہم پاکستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد جموں کے بعض علاقوں میں اب بھی سرگرم ہیں۔ خاص طور پر دور دراز کے وہ اضلاع جہاں گھنے جنگلات اور دشوار گزار پہاڑی علاقے موجود ہیں ان کی سرگرمیوں کے مراکز بتائے جاتے ہیں۔

سکیورٹی ایجنسیوں کا اندازہ ہے کہ جموں و کشمیر کے پونچھ راجوری کشتواڑ اور ڈوڈہ اضلاع میں ان 65 غیر ملکی دہشت گردوں کی موجودگی ہوسکتی ہے۔ جموں و کشمیر 1980 کی دہائی کے اواخر سے عسکریت پسندی اور دہشت گردی کا مرکز رہا ہے جہاں پاکستان میں قائم دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیوں سرحد پار دراندازی اور انتہا پسندی کو فروغ دینے کی کوششوں نے صورتحال کو متاثر کیا ہے۔

حکام نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کی یہ تعداد مختلف ایجنسیوں کی جائزہ رپورٹوں پر مبنی ہے۔ تاہم اس میں تبدیلی ہوتی رہتی ہے کیونکہ دہشت گرد مسلسل اپنے ٹھکانے تبدیل کرتے رہتے ہیں۔

18 نومبر کو ادھم پور کی شیر کشمیر پولیس اکیڈمی میں زیر تربیت ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس آف پولیس سب انسپکٹروں اور فارسٹ پروٹیکشن فورس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اعتماد ظاہر کیا تھا کہ خطہ جلد دہشت گردی سے پاک ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا تھا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں اب صرف مٹھی بھر غیر ملکی دہشت گرد باقی رہ گئے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مختلف ایجنسیاں مشترکہ کارروائیاں کررہی ہیں تاکہ باقی ماندہ غیر ملکی دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جاسکے۔ اس سلسلے میں رواں سال کے اوائل میں کشتواڑ میں سیف اللہ کی قیادت والے جیش محمد کے گروپ کے تمام 7 ارکان کو ہلاک کرنا ایک اہم کامیابی قرار دیا گیا۔

سیف اللہ گروپ اپریل 2024 میں دراندازی کرکے داخل ہوا تھا۔ اس کے خلاف مختلف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہا اور بالآخر 22 فروری کو آپریشن ترشی-اول کے دوران چھاترو علاقے میں گروپ کا خاتمہ کردیا گیا۔

سرگرم دہشت گردوں کی تعداد میں کمی کے باوجود سکیورٹی ایجنسیاں دراندازی روکنے دہشت گردوں کے معاون نیٹ ورکس کی شناخت کرنے اور دور دراز علاقوں میں سرگرم غیر ملکی دہشت گردوں کا سراغ لگانے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق 2022 میں جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر 135 دہشت گرد سرگرم تھے۔ ان میں 85 غیر ملکی اور 50 مقامی دہشت گرد شامل تھے۔ 2022 کے مقابلے میں 2023 کے دوران سرگرم دہشت گردوں کی تعداد میں تقریباً 48 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

جموں و کشمیر میں سرگرم دہشت گردوں کی تعداد میں مسلسل کمی کو خطے میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں تیزی کا نتیجہ قرار دیا گیا ہے۔ ان کارروائیوں میں سرگرم دہشت گردوں کا سراغ لگانے اور انہیں ختم کرنے پر توجہ دی جارہی ہے۔

حکومت نے ایک بار پھر دہشت گردی کے خاتمے اور جموں و کشمیر میں امن و امان یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ حکام کے مطابق خفیہ ایجنسیاں صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور خطے میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کی شناخت اور انہیں ختم کرنے کے لیے کام کررہی ہیں۔